عمر شریف جرمنی کے ہسپتال میں انتقال کر گئے

عارضہ قلب سمیت مختلف امراض میں مبتلا اداکار عمر شریف کئی دنوں سے کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں داخل تھے بعد ازاں مزید علاج کی غرض سے ائیر ایمبولینس کے ذریعے وہ جرمنی چلے گئے جہاں ان کا علاج جاری تھا۔

صارفین نے حکومت سے عمر شریف کا علاج سرکاری خرچے پر کروانے کا مطالبہ کیا تھا (تصویر: عمر شریف فیس بک آفیشل پیج)

پاکستانی تھیٹر کے معروف اداکار عمر شریف آج جرمنی کے ہسپتال میں انتقال کر گئے۔

عارضہ قلب سمیت مختلف امراض میں مبتلا اداکار عمر شریف کئی دنوں سے کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں داخل تھے بعد ازاں مزید علاج کی غرض سے ائیر ایمبولینس کے ذریعے وہ جرمنی چلے گئے۔

گذشتہ ماہ ان کی ایک تصویر وائرل ہوئی جس میں وہ کافی بیمار نظر آرہے تھے اور وہیل چیئر پر بیٹھے تھے۔ اس کے بعد ایک ویڈیو پیغام بھی وائرل ہوا جس  کے بعد صارفین نے حکومت سے عمر شریف کا علاج سرکاری خرچے پر کروانے کا مطالبہ کیا تھا۔ 
سوشل میڈیا پر تحریک چلی جس کے بعد سندھ حکومت نے عمر شریف کے امریکہ میں علاج اور ایئر ایمبولینس کے لیے چار کروڑ روپے کی رقم جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 
آن کال انٹرنیشنل نامی کمپنی کو یہ رقم جاری کی گئی جس نے جرمنی کی کمپنی ایف اے آئی ایئر ایمبولینس  کی خدمات حاصل کیں۔
یہ ایئر ایمبولینس 28 ستمبر کو انہیں لے کر عازم سفر ہوئی تاہم طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے انہیں راستے میں جرمنی کے ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا، جہاں وہ ہفتے کو انتقال کر گئے۔

آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ نے انڈپینڈنٹ اردو کو عمر شریف کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ 

جرمنی میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نےاپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’انتہائی افسوس کے ساتھ  اعلان کیا جاتا ہے کہ عمر شریف انتقال کر گئے ہیں، ہم ان کے خاندان اور دوستوں سے تعزیت کرتے ہیں، ہمارے قونصل جنرل ہسپتال میں ان کے خاندان کی ہر طرح سے معاونت کے لیے موجود ہیں۔‘

کرکٹر کامران اکمل نے بھی عمر شریف کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ 

صحافی ندیم فاروق پراچہ نے ان کے عوامی انداز کو یاد کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ لکھا کہ وہ پاکستان بھارت دونوں ممالک میں یکساں مشہور تھے۔ 

 

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان