ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: پہلے مرحلے میں بنگلہ دیش کو اپ سیٹ شکست

سکاٹ لینڈ کے لیگ سپنر کرسٹوف گریوز اس فتح کے سب سے اہم ستون تھے جن کی نپی تلی بولنگ نے بنگلہ دیشی بلے بازوں کےتجربے کو بھی ملیا میٹ کردیا۔

سکاٹ لینڈ کے سپنر کرسٹوف گریوز بنگلہ دیش کے کھلاڑی مشفیق الرحیم کی وکٹ لینے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے(اے ایف پی)

ٹیسٹ سٹیٹس رکھنے والے ملک بنگلہ دیش کو کوالیفائنگ راؤنڈ کے مرحلے کے پہلے میچ میں سکاٹ لینڈ کے ہاتھوں شکست کھانی پڑی ہے۔

بنگلہ دیش کی ٹیم جس نے کچھ ہفتے قبل ہی آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کو بھاری مارجن سے سیریز میں شکست دی تھی، سپر 12 مرحلے کے لیے فیورٹ ہے اور اپنے تجربے کے باعث کسی بھی طرح کسی بڑی ٹیم سے کم نہیں ہے۔

بنگلہ دیش کے متعدد کھلاڑی اس وقت دنیا کی کئی لیگز کے اہم کھلاڑی ہیں۔

ایک ایسی ٹیم کی شکست نے مداحوں کو حیران کر دیا ہے۔

سکاٹ لینڈ کے لیگ سپنر کرسٹوف گریوز اس فتح کے سب سے اہم ستون تھے، جن کی نپی تلی بولنگ نے بنگلہ دیشی بلے بازوں کےتجربے کو بھی ملیا میٹ کردیا۔

اس سے قبل ان کے 28 گیندوں پر 45 رنز نے ٹیم کے لیے 140 رنزکا مجموعہ حاصل کرنے میں مدد کی تھی۔

بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدا میں بہتر ثابت ہوا اور سکاٹ لینڈ پہلے دس اوورز میں 55 رنز بنا سکی۔ جب کہ اس کے پانچ وکٹ گر گئے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے مہدی حسن نے بہترین بولنگ کی اور تین وکٹیں لیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بنگلہ دیش کے تجربہ اور مہارت کو دیکھتے ہوئے یہ ایک معمولی سا ہدف تھا۔ لیکن ابتدائی بلے بازوں کے جلدی آؤٹ ہونے سے ٹیم دباؤمیں آگئی۔

 تاہم اس موقع پر شکیب الحسن اور مشفق الرحیم نے 47 رنز کی رفاقت سے خلا کو پر کیا۔ شکیب اور مشفق گریوز کے شکار بن گئے اور یہیں سے بنگال ٹائیگرز نے شکست کا سفر شروع کردیا۔

 محمود اللہ اور مہدی حسن نے کچھ مزاحمت کی لیکن آخری اوور میں24 رنز درکار تھے۔

لیکن جب آخری گیند پھینکی جا چکی تھی بنگال ٹائیگرز چھ رنز پیچھے رہ گئے تھے۔

اس شکست نے ٹورنامنٹ میں غیرمعمولی نتائج کی نوید سنا دی ہے۔

عمان بمقابلہ نمیبیا

ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ ایک رسمی میچ ثابت ہوا۔

عمان کی ٹیم جو بمشکل ورلڈکپ تک پہنچی ہے اس کے لیے نمیبیا تر نوالہ ثابت ہوا۔

نمیبیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 9 وکٹ کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔ جس کی وجہ عمان کے کپتان ذیشان مقصود کی شاندار بولنگ تھی۔ انہوں نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

عمان کے اوپنرز عاقب الیاس اور جتیندر سنگھ نے مطلوبہ ہدف 13.4 اوورز میں پورا کرلیا۔

جیتندر سنگھ نے 73 اور عاقب نے 59 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلیں۔

دونوں میچوں میں سپنرز کا کردار بہت اہم رہا۔ جس سے آنے والے میچوں میں زیادہ انحصار سپنرز پر نظر آئے گا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ