عمران خان کو ’بددعا‘ دینے کی اپیل کرنے والا شخص ضمانت پر رہا

غفران نامی شخص نے مردان کی ایک مسجد کے لاؤڈ سپیکر پر لوگوں سے درخواست کی تھی کہ وہ مہنگائی کی وجہ سے دعا کریں کہ عمران خان کی حکومت سے جان چھوٹ جائے۔

پاکستان میں قانون کے تحت مسجد کا لاؤڈ سپیکر  اذان کے علاوہ کسی بھی مقصد کے لیے استعمال نہیں ہو سکتا(فائل فوٹو: اے ایف پی)

صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع مردان کی ایک مقامی عدالت نے مسجد کے لاؤڈ سپیکر پر عوام سے وزیراعظم عمران خان کو ’بد دعائیں‘ دینے کی درخواست کرنے پر گرفتار شخص کو ضمانت پر رہا کردیا۔

مردان کے ہوتی پولیس سٹیشن نے یہ مقدمہ لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی دفعہ تین اور چار کے تحت درج کیا تھا۔

 ہوتی پولیس سٹیشن کے اہلکار آفتاب نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ غفران نامی شخص نے چاٹو چوک کی ایک مقامی مسجد میں لاؤڈ سپیکر پر لوگوں سے درخواست کی تھی کہ وہ عمران خان  کو بد دعائیں دیں۔

آفتاب نے بتایا: ’ہم نے لاؤڈ سپیکر کے غلط استعمال کی وجہ سے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کا چالان کیا اور اب عدالت نے ملزم کو ضمانت پر رہا کردیا ہے۔‘

غفران کی لاؤڈ سپیکر پر عمران خان کو بد دعائیں دینے کی درخواست کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ عوام سے کہہ رہے ہیں کہ ’ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے لہٰذا مرد و خواتین دعا کریں کہ ہماری عمران خان کی حکومت سے جان چھوٹ جائے۔‘

تقریباً ڈیڑھ منٹ کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ مسجد میں کھڑے ہیں۔ قانون کے مطابق لاؤڈ سپیکر کے ’غلط استعمال‘ پر پابندی ہے اور خلاف ورزی پر زیادہ سے زیادہ ایک مہینہ قید  کی سزا ہوسکتی ہے۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پشاور ہائی کورٹ کے وکیل طارق افغان نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ یہ مقدمہ اصل میں عمران خان کو بد دعائیں دینے پر نہیں بلکہ لاؤڈ سپیکر کے غلط استعمال پر درج کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ لاؤڈ سپیکر ایکٹ میں واضح طور پر لکھا ہے کہ مسجد کا لاؤڈ سپیکر اذان کے علاوہ کسی بھی مقصد کے لیے استعمال نہیں ہو سکتا۔

غفران کی ایک اور ویڈیو بھی زیر گردش ہے، جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ مہنگائی اتنا مسئلہ نہیں اور یہ پوری دنیا میں ہے۔

ملک میں آئے دن پیٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خوردونوش کے نرخوں میں اضافے کی وجہ سے موجودہ حکومت پر تنقید ہو رہی ہے۔

تاہم پی ٹی آئی حکومت کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں چونکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، اس لیے پاکستان میں بھی پیٹرول مہنگا کیا گیا۔

عالمی بینک نے 2022 میں مہنگائی میں مزید اضافے کی پیش گوئی کی ہے، جس کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔

تاہم عالمی بینک کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 2023 تک غربت میں کمی کا امکان ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان