متحدہ عرب امارات کا ترکی میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان

ستمبر میں ترکی نے اعلان کیا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کی جا رہی ہے۔

شیخ محمد بن زاید کا کہنا تھا کہ ان کی صدر اردوغان کے ساتھ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے حوالے سے ہونے والی بات چیت ’سیر حاصل‘ رہی ہے(اے ایف پی)

ترک صدر رجب طیب اردوغان اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد متحدہ عرب امارات نے ترکی میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔

متحدہ عرب امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق یو اے ای نے ترکی میں سٹریٹجک شعبوں میں استحکام کے لیے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے جن میں صحت اور توانائی کے شعبے شامل ہیں۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق بدھ کو انقرہ میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے بعد ٹیکنالوجی اور توانائی سمیت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

شیخ محمد بن زاید نے ترکی کا دورہ کئی سال بعد ایسے وقت میں کیا ہے جب دونوں ممالک ترکی میں کرنسی کے بحران کے دوران کشیدہ تعلقات کو بہتر کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔

مفاہمت کی ان یادداشتوں پر ابوظہبی ڈویلپمنٹ ہولڈنگ (ADQ)، ترکش ویلتھ فنڈ (TVF)، اور ترکی کے ایوان صدر کے سرمایہ کاری کے دفتر کے علاوہ کچھ ترک کمپنیوں نے بھی دستخط کیے ہیں۔

یہ معاہدے دونوں ممالک میں اس شراکت داری کی جانب اشارہ کرتے ہیں جو ایک دہائی قبل عرب خطے میں اٹھنے والی تحریکوں کے دوران سیاسی نفوذ حاصل کرنے کی کشمکش کے بعد سامنے آ رہی ہے۔

یہ کشمکش مشرقی بحیرہ روم سے خلیج تک پھیل گئی تھی لیکن گذشتہ سال ترکی نے علاقائی سطح پر دوستانہ کوششیں دوبارہ شروع کر دی تھیں۔

شیخ محمد بن زاید کا کہنا تھا کہ ان کی صدر اردوغان کے ساتھ دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے حوالے سے ہونے والی بات چیت ’سیر حاصل‘ رہی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا ٹوئٹر پر کہنا تھا کہ ’میں باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کر رہا ہوں جو دونوں ممالک کی اقوام کے فائدے میں ہوں اور ہمارے باہمی ترقیاتی مقاصد کو آگے بڑھا سکیں۔‘

ابوظہبی ڈیویلپمنٹ ہولڈنگ نے ترک ٹیکنالوجی فرمز کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت ٹیکنالوجی مقاصد کے لیے ایک فنڈ قائم کیا جائے گا جب کہ ابوظہبی پورٹس نے پورٹس کے درمیان لاجسٹک تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

10 ارب ڈالر فنڈ

اس دورے کی تیاریوں سے آگاہی رکھنے والے ایک عہدیدار کے مطابق ‘متحدہ عرب امارات کے ساتھ درپیش مسائل اب ماضی کا حصہ ہیں۔ ہم ایسے دور میں داخل ہو رہے ہیں جو مکمل تعاون اور باہمی فائدے پر مبنی ہو گا۔‘

جب کہ ترکی کی سرکاری ایجنسی انادولو نیوز پر وزیر خارجہ مولود چاوشوغلو سے منسوب ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ دسمبر میں ابوظہبی کا دورہ کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان بات چیت ’بہت تعمیری‘ رہی ہے۔

ترکی اور امارات کے مرکزی بینکوں کے درمیان بھی تعاون کے ایک معاہدے پر دستخط ہوئے ہیں۔

یاد رہے ستمبر میں ترکی نے اعلان کیا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بات چیت کی جا رہی ہے۔

ترکی جس کے کئی علاقائی ممالک اور مغربی اتحادیوں کے ساتھ کئی معاملات پر اختلافات ہیں، نے اس سے قبل مصر اور سعودی عرب کے ساتھ بھی تعلقات معمول پر لانے کی کوششیں کی ہیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا