دنیا کا بہترین فٹ بالر کون ہوگا؟ فیصلہ آج رات

مرد کھلاڑیوں میں دو کو ’موسٹ فیورٹ‘ قرار دیے جا رہا ہے جن میں سے ایک پیرس سین جرمین کے لیونل میسی (آرجنٹینا) اور بائرن میونخ کے رابرٹ لیونڈووسکی (پولینڈ) ہیں۔

لیونل میسی  اور  رابرٹ لیونڈووسکی کو فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے (اے ایف پی)

فٹ بال کی دنیا کے اہم ترین ایوارڈز میں سے ایک ایوارڈ ’بالن ڈور‘ (دنیا کا بہترین کھلاڑی) کا اعلان پیر کی رات کیا جائے گا۔

تقریب میں مردوں اور خواتین کی فٹ بال کے سال 2021 میں بہترین کھلاڑی کا فیصلہ ہو گا۔  اس حوالے سے 30 مرد اور 20 خواتین کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

یہ ایوارڈ دنیائے فٹ بال کے معتبر ترین ایوارڈز میں سے ایک ہے اور اسے فرانسیسی میگزین ’فرانس فٹ بال‘ دیتا ہے۔

مرد کھلاڑیوں میں دو کو ’موسٹ فیورٹ‘ قرار دیے جا رہا ہے جن میں سے ایک پیرس سین جرمین کے لیونل میسی (آرجنٹینا) اور بائرن میونخ کے رابرٹ لیونڈووسکی (پولینڈ) ہیں۔

ان دونوں کے علاوہ لیورپول کے محمد صلاح (مصر) کی کارکردگی بھی رواں سال اچھی رہی ہے۔ کرسٹیانو رونالڈو، ایرلنگ ہالینڈ، نیمار اور کیلیئن ایمباپے بھی اس دوڑ میں شامل ہیں۔

لیونل میسی ماضی میں چھ مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کر چکے ہیں جب کہ لیونڈووسکی اگر پیر کی شب یہ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں کہ تو یہ ان کا پہلا بالن ڈور ہو گا۔

واضح رہے کہ فیفا کی جانب سے 2020 کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ لیونڈووسکی پہلے ہی اپنے نام کر چکے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

34 سالہ لیونل میسی نے حال ہی میں بارسلونا چھوڑ کر پی ایس جی کلب میں شمولیت اختیار کی ہے۔ بارسلونا میں رہتے ہوئے گذشتہ سیزن میں وہ اپنی ٹیم کو اکیلے ہی آخر تک لے کر چلے تھے مگر ٹائٹل جیتنے میں ناکام رہے تھے۔

اب پیرس میں آکر بھی ان کی کارکردگی ماضی کے مقابلے میں قدرے کم ہے۔ میسی نے 2021 میں 41 گول جب کہ 17 ’اسسٹ‘ (گول میں مدد) کیے ہیں۔ 2021 میں میسی آرجنٹینا کے ساتھ کوپا امریکا اور بارسلونا کے ساتھ سپینش کپ جیت سکے۔

دوسری جانب 33 سالہ لیونڈووسکی کا گول سکورنگ ریکارڈ میسی سے بہتر ہے۔ وہ جرمنی کے بائرن میونخ کے سٹار سٹرائیکر ہیں۔ 2021 میں انہوں نے 64 گول اور 10 اسسٹ کیے ہیں اور جرمنی کی لیگ، جرمن کپ اور کلب ورلڈ کپ جیت چکے ہیں۔

صرف اعداد و شمار کی بات کریں تو لیونڈووسکی کو میسی پر سبقت حاصل ہے مگر چونکہ یہ ایوارڈ صحافیوں پر مشتمل ایک جیوری دیتی ہے تو حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا کہ کون فاتح ہو گا۔

2020 کا ایوارڈ کرونا وائرس کے باعث نہیں دیا جا سکا تھا جب کہ 2019 میں میسی یہ ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ خواتین کھلاڑیوں میں سپین کی کھلاڑی الیکسا پیوٹیلیس کو بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کے لیے فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی فٹ بال