لاہور: بخشی خانہ سے 12 قیدی کیسے فرار ہوئے؟

ابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزمان نے بخشی خانہ میں لگی اینٹوں کو اکھاڑ کر پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا اور تالا توڑ کر ایک درجن سے زائد ملزمان فرار ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق لاہور کی فیروز پور روڈ پر ماڈل ٹاؤن کچہری کے اندر واقع بخشی خانے سے مختلف جرائم میں ملوث دس سے زائد ملزمان فرار ہو گئے، جس کے بعد پولیس نے دو کو گرفتار کر کے باقی ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

وزیر اعلیٰ اور آئی جی پنجاب کو مفرور ملزمان کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ  پیش کر دی گئی ہے جس کے مطابق ماڈل ٹاؤن کورٹ میں بند ملزمان نے بخشی خانہ میں ہنگامہ آراٸی کی۔

رپورٹ کے مطابق ملزمان نے بخشی خانہ میں لگی اینٹوں کو اکھاڑ کر پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا اور تالا توڑ کر ایک درجن سے زائد ملزمان فرار ہوگئے۔

ایڈووکیٹ عمران اشرف ورک، جو اس وقت موقع پر موجود تھے، نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’پہلے ملزمان نے بخشی خانے کی دیوار توڑی اور پھر دروازہ بھی توڑ دیا۔‘

’ان میں سے ایک درجن سے زیادہ ملزمان ماڈل ٹاؤن کچہری کی دیوار پھلانگ کر پیچھے ریلوے ٹریک سے بھاگ نکلے۔‘

ایس ایس پی آپریشنز مستنصر فیروز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’آج دو جیلوں سے 166 ملزمان کو پیشی کے لیے لایا گیا تھا۔ جب انہیں بخشی خانے میں بند کیا گیا تو ملزمان کے دو گروپوں میں تصادم ہوا۔‘

’پولیس نے جب اس تصادم پر قابو پانے کے لیے قیدیوں کو وہاں سے باہر نکالا تو قیدی بے قابو ہوگئے۔ انہوں نے پولیس افسران کے ساتھ بھی جھگڑا کیا، ان پر پتھر پھینکے اور جو بھی سامان ہاتھ آیا جن میں کرسیاں میزیں شامل ہیں، ان سے حملہ کیا۔‘

 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ ’اسی دوران موقع پاتے ہی 12 قیدی وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ جن میں سے دو کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ مزید گرفتاریوں کے لیے سرچ آپریشن کر رہے ہیں۔ کوشش ہے کہ آج ہی ہم تمام مفرور قیدیوں کو گرفتار کر لیں۔‘

’ہم اپنی انٹرنل انکوائری بھی کر رہے ہیں کہ اگر اس معاملے میں ہمارے پولیس افسران نے کسی غفلت کا مظاہرہ کیا ہے تو ان کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے۔‘

انہوں نے کہا جن قیدیوں نے یہ ’شرارت‘ کی ہے ان کے خلاف مقدمے درج کرکے کارروائی بھی کی جائے گی۔

بخشی خانے سے ملزمان کے فرار ہونے کے حوالے سے سی سی پی او لاہور فیاض احمد دیو نے ایس ایس پی آپریشنز سے رپورٹ طلب کی تھی۔ جس کے بعد مفرور ملزمان کے حوالے سے ایس ایس پی آپریشنز مسنتصر فیروز کی سربراہی میں سپیشل ٹیمیں تشکیل دیں گئیں اور ملزمان کے خلاف چھاپے مارے جارہے ہیں۔

پولیس کی جانب سے  وزیر اعلیٰ کو بھیجی گئی رپورٹ کے مطابق کوٹ لکھپت جیل سے کل 90 ملزمان کو ماڈل ٹاؤن کورٹ پیشی کے لیے لایا گیا تھا۔ ان کو ماڈل ٹاؤن کورٹ کے بخشی خانہ میں بند کیا گیا تھا جس میں سے حیدر علی،فیصل، اور احمد علی نام کے تین ملزمان فرار ہوئے جبکہ کیمپ جیل سے کل 76 ملزمان کو پیشی کے لیے لایا گیا تھا جن میں سے جاوید علی، وسیم، شعبان، پرویز، ایان، عادل، سہیل، اور احسن نامی آٹھ ملزمان فرار ہوگئے تھے۔

پولیس کے مطابق، فرار ہونے والے ملزمان ڈکیتی، غیر قانونی اسلحہ، فراڈ، منشیات اور لڑائی جھگڑوں جیسے مقدمات میں نامذد تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان