خانیوال کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کی فتح

الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی نورین نشاط ڈاھا 34 ہزار 30 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں

خانیوال کے حلقے پی پی 206 میں ضمنی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے 183 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے تھے(تصویر: اے ایف پی فائل)

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر خانیوال میں پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 206 کے کے ضمنی انتخاب میں پاکستان الیکش کمیشن کی جانب سے جاری کردہ غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نواز کے امیدوار رانا محمد سلیم 47 ہزار 649 ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ان کے مد مقابل امیدواروں میں سے پاکستان تحریک انصاف کی نورین نشاط ڈاھا 34 ہزار 30 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز کے سید واثق حیدر 15 ہزار 59 ووٹوں کے ساتھ تیسرے جبکہ تحریک لبیک پاکستان کے محمد اکمل 9 ہزار 619 ووٹوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔

خانیوال کے حلقے پی پی 206 میں ضمنی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے 183 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔ جن میں کل ووٹرز کی تعداد دو لاکھ 30 ہزار 698 تھی جن میں سے ایک لاکھ 12 ہزار 694 نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

ڈالے گئے درست ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ 11 ہزار 295 تھی جبکہ 1399 ووٹ منسوخ ہوئے۔ اس طرح مجموعی طور پر حلقے میں ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 48.85 فیصد رہی۔

خانیوال کے اس حلقے کی سیٹ مسلم لیگ نواز کے نشاط احمد ڈاہا کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی جنہوں 2018 کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار رانا محمد اکرام کو شکست دے کر یہ نشست حاصل کی تھی اور بعد میں پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

ان کی اہلیہ نورین نشاط ڈاہا نے ان کے انتقال کے بعد اس حلقے سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر ان ضمنی انتخابات میں حصہ لیا تھا۔

جمعرات کو ہونے والے ان ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف کی نورین نشاط ڈاھا کے ووٹ ڈال کر بیلٹ پیپر کیمرے میں دکھانے کی ویڈیو سامنے آئی جس پر الیکشن کمیشن نے اسے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے ان کا ووٹ منسوخ کر دیا تھا۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ نواز کے رانا محمد سلیم جو 2018 میں پی ٹی آئی کے امیدوار تھے کو ٹکٹ دیا جبکہ پی ٹی آئی نے نشاط احمد خان ڈاھا کی بیوہ نورین  نشاط کو امیدوار نامزد کیا تھا۔

مسلم لیگ نواز کے مرکزی رہنماؤں نے رانا محمد سلیم کو مبارکباد دی۔ مریم نواز شریف نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ رانا محمد سلیم اور مسلم لیگ ن کو بہت مبارک۔ جن رہنماؤں اور کارکنوں نے محنت کی، کام کیا ان سب کو شاباش۔

پی ایم ایل ن کے صدر شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام نے محمد نواز شریف اور پاکستان مسلم لیگ ن پر اعتماد کیا۔ جنوبی پنجاب اور خانیوال کی عوام کا خاص طور پر شکریہ ادا کرتے ہیں اور عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست