کرونا اور سٹاف کی کمی: کرسمس کے موقع پر ہزاروں پروازیں منسوخ

فلائٹ اویئر ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ کے مطابق دنیا بھر میں صرف کرسمس کے دن 2500 سے زائد پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ 4200 کے قریب پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔

نیو یارک میں قطاروں میں کھڑے مسافر اپنی باری کا انتظار کرتے ہوئے (اے ایف پی)

دنیا بھر میں کرسمس کے موقع پر سٹاف کی کمی اور کرونا وائرس کے ویئرئنٹ اومیکرون کے باعث ہزاروں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں۔

پروازوں کی ٹریکینگ کرنے والی ویب سائٹس کے مطابق اب تک 5700 کے قریب پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں۔

واضح رہے کہ کرسمس کے موقع پر دنیا بھر میں بڑی تعداد میں لوگ سفر کرتے ہیں تاہم اس گذشتہ چند برسوں کی طرح رواں سال بھی کرونا وائرس کے باعث ایسے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کرسمس کی چھٹیاں بہت سے افراد کے لیے سال میں ایک ایسا موقع ہوتا ہے جب وہ اپنے پیاروں سے ملتے ہیں تاہم ایسی صورتحال نے انہیں مزید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔

فلائٹ اویئر ڈاٹ کام نامی ویب سائٹ کے مطابق دنیا بھر میں کرسمس کے دن 2500 سے زائد پروازیں منسوخ کی گئی ہیں جبکہ 4200 کے قریب پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔

اسی طرح گذشتہ روز یعنی جمعے کو 2400 پروازیں منسوخ اور 11 ہزار تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ اتوار کو شیڈول پروازوں میں سے اب تک آٹھ سو پہلے ہی منسوخ کی جا چکی ہیں۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک ایسے وقت میں جب فضائی سفر اپنے عروج پر ہوتا ہے متعدد ایئرلائنز کو عملے کی کمی کے باعث پروازیں منسوخ کرنا پڑ رہی ہیں۔ اس کی ایک وجہ عملے میں شامل پائلٹس سمیت دیگر افراد کی جانب سے صحت کی خرابی کی اطلاعات موصول ہونا ہیں جبکہ بعض کرونا وائرس کے باعث پہلے ہی قرنطینہ میں ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یونائیٹڈ کی جانب سے جمعے کو ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ’رواں ہفتے اومیکرون کے کیسز میں اضافہ براہ راست فلائٹ عملے اور دیگر آپریشنز چلانے والے افراد پر اثرانداز ہوا ہے۔‘

فضائی کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ ’اس کے نتیجے میں بدقسمتی سے ہمیں بعض پروازیں منسوخ کرنا پڑیں، اور اس سے متاثر ہونے والے مسافروں کو ایئرپورٹ آنے سے پہلے ہی آگاہ کر دیا گیا ہے۔‘

سب سے زیادہ پروازیں چینی فضائی کمپنیوں کی جانب سے منسوخ کی گئی ہیں۔ چائنہ ایسٹرن نامی کمپنی نے ایک ہزار پروازیں منسوخ کی ہیں یعنی انہیں اپنے فلائٹ پلان میں سے 20 فیصد سے زیادہ منسوخ کرنا پڑی ہیں۔

ادھر خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکی ایئر لائن صنعت کے لیے سٹاف کی کمی رواں سال پروازوں میں تواتر سے تاخیر اور منسوخی کا باعث رہی ہے۔

دوسری جانب یورپی اور آسٹریلوی فضائی کمپنیوں نے بھی اس چھٹیوں کے سیزن میں کرونا وائرس کے باعث سٹاف کی کمی کو دیکھتے ہوئے پروازیں منسوخ کر دی ہیں۔

اب سنیچر کو امریکی ہوائی اڈوں پر آنے، جانے یا اندرون ملک 888 پروازیں منسوخ کی جا چکی ہیں جبکہ جمعے کو بھی 690 پروازیں منسوخ ہوئیں تھیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا