بھارت: کرونا ویکسین کی بارہویں خوراک لگوانے جانے والا پکڑا گیا

محکمہ ڈاک سے ریٹائرڈ عمر رسیدہ منڈل نے بتایا کہ انہوں نے اپنی پہلی ویکسین کی خوراک گذشتہ سال 13 فروری کو لگوائی تھی۔ جس کے بعد انہوں نے مارچ، مئی، جون، جولائی اور اگست میں بھی ایک ایک خوراک لگوائی۔

ملک میں ایسے شہریوں کی تعداد بہت زیادہ ہے جنہیں اپنی پہلی خوراک حاصل کرنے کے بعد ابھی تک دوسری خوراک نہیں لگ سکی(اے ایف پی فائل)

بھارت میں کرونا ویکسین کی 11 خوراکیں لینے کا دعویٰ کرنے والا شخص ایک پرائمری ہیلتھ کیئر سنٹر سے بارہویں ڈوز لینے سے پہلے پکڑا گیا۔

بھارتی اخبار ’دا نیو انڈین ایکسپریس‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق شمالی ریاست بہار کے 84 سالہ رہائشی برہم دیو منڈل نے مختلف شناختی کارڈز اور اپنے رشتہ داروں کے موبائل فون نمبرز کا استعمال کرتے ہوئے یہ خوراکیں حاصل کی تھیں۔

منڈل نے ضرورت سے زیادہ ویکسین لگوانے کی اپنی اس انوکھی خواہش کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ حکومت کا شاندار اقدام ہے۔‘

بھارتی حکومت تمام شہریوں کے لیے کرونا کی دو خوراک ہی تجویز کرتی ہے تاہم 10 جنوری سے صحت کے شعبے، فرنٹ لائن ورکرز اور 60 سال سے زیادہ عمر کے افراد کے لیے بوسٹر شاٹس کی اجازت دی گئی ہے۔

محکمہ ڈاک سے ریٹائرڈ عمر رسیدہ منڈل نے بتایا کہ انہوں نے اپنی پہلی ویکسین کی خوراک گذشتہ سال 13 فروری کو لگوائی تھی۔ جس کے بعد انہوں نے مارچ، مئی، جون، جولائی اور اگست میں بھی ایک ایک خوراک لگوائی۔

ہر ماہ مسلسل سات خوراکیں حاصل کرنے کے بعد انہوں نے اپنے ہی تین مختلف شناختی کارڈز کا استعمال کرتے ہوئے صرف ستمبر میں ہی تین شاٹس لگوائیں۔

ان میں ان کا ووٹر شناختی کارڈ اور آدھار کارڈ شامل ہے۔ آدھار ایک شناختی کارڈ ہے جو ہر بھارتی شہری کو 12 ہندسوں کا ایک منفرد شناختی نمبر تفویض کرتا ہے۔

منڈل نے دعویٰ کیا کہ 2021 کے آخر تک انہیں ویکسین کی 11 شاٹس لگ چکی ہیں۔ دا نیو انڈین ایکسپریس کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ وہ ہر خوراک کے بعد بہتر محسوس کرتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یہ واقعہ سامنے آنے کے بعد علاقے کے ضلعی حکام نے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

بہار کے ڈسٹرکٹ سول سرجن امریندر پرتاپ شہاہی نے کہا کہ تحقیقات سے پتہ چلے گا کہ منڈل اتنی زیادہ شاٹس کیسے حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

بزرگ شہری نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے اس کے لیے اپنا آدھار کارڈ اور موبائل فون نمبر کم از کم آٹھ بار استعمال کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے اپنا ووٹر کارڈ اور اپنی بیوی کا موبائل نمبر بھی تین بار استعمال کیا۔

یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت اپنی پوری آبادی کو مکمل طور پر ویکسین فراہم کرنے کی دوڑ میں لگا ہوا ہے۔

ملک میں ایسے شہریوں کی تعداد بہت زیادہ ہے جنہیں اپنی پہلی خوراک حاصل کرنے کے بعد ابھی تک دوسری خوراک نہیں لگ سکی۔

بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی حکومت گذشتہ سال 31 دسمبر تک ملک کے تمام 1.3 ارب کی آبادی کو ویکسین فراہم کرے گی۔

تاہم سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ ملک میں 89.4 فیصد لوگوں نے پہلی خوراک حاصل کی ہے لیکن 31 دسمبر 2021 تک دونوں خوراکیں حاصل کرنے والے افراد کی شرح صرف 64.2 فیصد تھی۔

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا