کیٹ مڈلٹن شاہی خاندان کا خفیہ ہتھیار کیسے بنیں؟

ہیری اور میگن کی علیحدگی سے لے کر شہزادہ اینڈریو پر جنسی استحصال کے الزام اور شہزادہ فلپ کا انتقال، گذشتہ کئی سال برطانوی شاہی خاندان کے لیے مشکل رہے ہیں، مگر ایک شخصیت مسلسل قابل اعتماد اور ثابت قدم رہی ہیں اور وہ ہیں کیٹ مڈلٹن۔

 شاہی خاندان کے لیے کیٹ ایک محفوظ انتخاب رہی ہیں(فائل فوٹو:اے ایف پی )

برطانوی شاہی خاندان کے لیے گذشتہ کچھ سال کافی مشکل رہے ہیں۔

شہزادہ ہیری اور میگن مارکل سینیئر شاہی کردار سے دستبردار ہوئے اور پھر شاہی نظامِ زندگی کے بارے میں انکشافات کیے، ملکہ کے بیٹے شہزادہ اینڈریو پر جنسی استحصال کے الزامات عائد ہوئے، جنہیں وہ مسلسل مسترد کرتے آئے ہیں، ملکہ کو اسی سال کئی مشکالات کا سامنا کرنا جس میں ان کے شوہر شہزادہ فلپ انتقال کر گئے۔ یہ کافی کٹھن وقت رہا ہے۔

لیکن ایک شخصیت ایسی ہیں جو اس دوران مسلسل قابل اعتماد اور ثابت قدم رہی ہیں اور وہ ہیں کیٹ مڈلٹن۔

شہزادہ ولیم کی اہلیہ ڈچس آف کیمبریج، کیٹ مڈلٹن اس ہفتے اپنی 40 ویں سالگرہ منا رہی ہیں اور انہیں شاہی خاندان کے دھارے میں آئے بھی 11 سال ہوگئے ہیں۔

اس دوران انہوں نے ایک بھی قدم غلط نہیں رکھا ہے۔ شاہی خاندان کے لیے کیٹ ایک محفوظ انتخاب رہی ہیں، ایک خفیہ ہتھیار۔ مگر کیٹ کی طاقت اس بات میں نہیں کہ وہ روایت سے ہٹ کر ہیں (ان کا تعلق ایک عام خاندان سے ہے، شاہی نہیں) یا پھر یہ کہ وہ کوئی ترقی پسند خیالات کا اظہار کرتی ہیں۔ بلکہ ان کی طاقت اسی میں ہے، جس کی وجہ سے اکثر ان پر تنقید بھی کی جاتی ہے اور وہ یہ کہ وہ تھوڑی بورنگ ہیں۔

شاہی دھاروں میں بورنگ ہونا کچھ غلط نہیں۔ ملکہ کے ’اینس ہوریبلس‘ (لاطینی زبان میں برا سال) کو ہی یاد کریں۔ جب 1992 میں ان کے تین بچے اپنے اپنے پارٹنرز سے علیحدہ ہوئے، پرنسس آف ویلز شہزادی ڈیانا کے بارے میں قیاس آرائیاں اخباروں کی شہ سرخیوں میں رہیں، ونڈسر محل میں آگ بھڑک اٹھی اور پھر سارہ ’فرگی‘ فرکیوسن (شہزادہ اینڈریو کی سابقہ اہلیہ) کی وہ تصاویر جن میں ان کے پاؤں کو چوما جا رہا ہے۔

فرگی، شہزادی ڈیانا اور میگن، جنہوں شاہی خاندان کا حصہ ہوتے ہوئے کہا تھا کہ ’محض سروائیوو کرنا کافی نہیں‘، کے برعکس، جہاں تک شاہی نظام کا تعلق ہے، کیٹ نے کوئی متنازع بات یا قدم نہیں اٹھایا ہے۔ وہ ممکنہ مستقبل کی ملکہ کے کردار کو کمال سے نبھاتی آئی ہیں، جس نے انہیں اس نظام کے لیے ایک اہم اثاثہ بنا دیا ہے۔

ان کے شاہی دور میں عوام میں ان کی مقبولیت ان کے گھنگریالے بالوں کی طرح پھلتی پھولتی رہی ہے۔ گذشتہ سال ان کی اور شہزادہ ولیم کی شادی کی 10ویں سالگرہ کے موقع پر یوگوو کا ایک پول جاری ہوا، جس کے مطابق 43 فیصد شرکا نے کہا کہ وقت آنے پر کیٹ ایک اچھی ملکہ ثابت ہوں گی۔ یو گوو کے ایک اور پول کے مطابق وہ شاہی خاندان کے مشہور ترین فعال اراکین کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ سرفہرست ملکہ الزبتھ اور کیٹ کے شوہر ولیم ہیں، جو کیٹ سے اتنے زیادہ پوائنٹس سے آگے نہیں۔

کیٹ کے مداحوں کے گروپ بھی کافی مضبوط ہیں، جن کی صفوں میں سوشل میڈیا کے آنے سے اور بھی اضافہ ہوا ہے۔ کئی ایسے بلاگ اور ویب سائٹس ہیں جن پر ہر اس لباس، پرس، جوتوں یا زیور کی تفصیلات ہوتی ہیں جو وہ پہنتی ہیں۔ کئی مخصوص فورمز پر لوگ ان کی شاہی زندگی کے ہر پہلو پر بات کرتے ہیں۔ ان کی زندگی، کام اور فیشن سینس کے بارے میں کئی کتابوں میں لکھا گیا ہے اور کیٹ مڈلٹن کے نام سے ٹک ٹاک کے ٹیگ کے 81 کروڑ سے زائد ویوز ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کسی ونڈزر کی اہلیہ بننا اور ہونا کوئی آسان کام نہیں۔ یہ آپ میگن، ڈیانا اور فرگی کو دیکھ کر جان سکتے ہیں، جنہوں نے حال ہی میں دعویٰ کیا ہے کہ وہ ’شاہی خاندان کی تاریخ میں سب سے زیادہ ستائی جانے والی خاتون‘ ہیں۔  

ایک فعال شاہی شخصیت کے کردار کو سمجھ پانا اور نبھانا آسان نہیں۔ میگن خود گذشتہ سال اوپرا ونفری کے ساتھ انٹرویو میں کہہ چکی ہیں کہ وہ ’مکمل طور پر سمجھ‘ نہیں پائی تھیں کہ یہ کردار کیا ہے اور اس کا کیا کام ہے۔‘

کیٹ اس کردار کو نبھانے سے پیچھے نہیں ہٹیں، مگر ان کے لیے بھی مشکلات رہی ہیں۔ انہیں 2000 کی دہائی میں میڈیا میں ’ویٹی کیٹی‘ کا نام دے دیا گیا، ان کی پرائیویسی میں مداخلت کی گئی جب ایک فرانسیسی میگزین نے 2012 میں ان کی ٹاپ لیس تصاویر پوسٹ کیں اور انہیں ایک طبی مسئلے کی وجہ سے ہر بار اپنے حمل کو شروع ہی میں عوامی طور پر ظاہر کرنا پڑا۔

کیٹ کیسے شاہی خاندان کا حصہ بنیں، اس پر بہت کچھ لکھا گیا ہے۔ جب سے وہ 20 سال پہلے شہزادہ ولیم کو سینٹ اینڈریوز یونیورسٹی میں ملیں، تب سے اب تک وہ کافی ’ونیلا‘ (عام یا روایتی کے لیے ایک لفظ) رہی ہیں۔ حتیٰ کہ اس وقت بھی جب 2007 میں کچھ عرصے کے لیے دونوں میں علیحدگی ہوئی۔

گزری دہائی میں انہیں ملکہ کی راہ پر چلتے دیکھا گیا۔ انہوں نے اپنی تمام شاہی ملاقاتوں اور تقریبات میں بخوبی شرکت کی۔ پرامن، مسکراتے ہوئی اور ایک بھی بال اپنی جگہ سے نہ ہلتے ہوئے۔

وہ ذہنی صحت پر کام میں نمایاں رہی ہیں اور اپنے شوہر کے ساتھ مل کر ہیڈز ٹوگیدر مہم کا آغاز کیا۔ وہ پائیداری (sustainability) کی بھی حامی رہی ہیں اور کئی ہائی پروفائل تقریبات میں پہلے پہنے ہوئے کپڑے دوبارہ پہن چکی ہیں۔

اگر ہم روایتی طور پر ایک شاہی بیوی کے طور پر ان کا کردار دیکھیں تو انہوں نے وہ بھی نبھایا ہے۔ انہوں نے شاہی خاندان کی اگلی نسل کو جنم دیا۔ جب 2013 میں ان کا اور ولیم کا بیٹا شہزادہ جارج پیدا ہوا تو شہزادہ ہیری تخت سے اور دور ہوگئے۔ اس کے بعد 2015 میں شہزادی شارلٹ اور 2018 میں شہزادہ لوئس پیدا ہوئے۔

اگر ہم اس مخصوص لمحے کا اندازہ لگائیں جب کیٹ کی شہرت میں بے پناہ اضافہ ہوا تو یہ وہ دن ہوگا جب وہ ایلگزینڈ مک کیون کا کسٹم گاؤن پہنے ویسٹ منسٹر ایبی کے باہر گاڑی سے اتریں اور چرچ میں داخل ہوکر شہزادہ ولیم سے شادی کی۔

یہ وہ لمحہ تھا جو بادشاہت کے لیے ایک نیا اور پرجوش دور لایا، جسے 2018 میں ہیری اور میگن کی شادی سے مزید آگے جانا تھا۔ ایک لمحے کے لیے دونوں جوڑوں کو ’فیب فور‘ تک کہا گیا اور ہم یہ جاننے کے لیے پرجوش تھے کہ مستقبل ان چاروں کے لیے کیا لائے گا۔

لیکن یہ امیدیں کہ یہ جوڑے بادشاہت کے لیے نئی راہ ہموار کریں گے، جلد ہی اس وقت ختم ہوگئیں جب ہیری اور میگن نے شاہی فرائض سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا۔

اگرچہ ولیم اور کیٹ نے بادشاہت کو واپس مشہور کیا، یہ میگن اور ہیری تھے جنہوں نے اسے جدید کرنا تھا۔ اب جب سسیکز (ہیری اور میگن) جا چکے ہیں، ونڈسرز معمول کے مطابق چل رہے ہیں۔

مگر ملکہ کو یہی پسند ہے۔ آخر کار ملکہ معظمہ سب سے بڑھ کر روایت، فصاحت اور چیریٹی کی قدر کرتی ہیں اور کیٹ میں یہ سب کچھ ہے۔

© The Independent

زیادہ پڑھی جانے والی خواتین