ٹاس کو بے معنی ثابت کرنے والی ملتان سلطانز

ملتان سلطانز کی ٹیم محمد رضوان کی کپتانی میں ایک ایسے یونٹ میں تبدیل ہوگئی ہے، جو لگتا ہے جیت سے کم کا سوچتی ہی نہیں۔

یکم فروری، 2022 کو ملتان سلطانز کے محمد رضوان کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ایکشن میں  (اے ایف پی)

ملتان سلطانز کی ٹیم محمد رضوان کی کپتانی میں ایک ایسے یونٹ میں تبدیل ہوگئی ہے، جو لگتا ہے جیت سے کم کا سوچتی ہی نہیں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر حسب روایت پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تو ملتان سلطانز کے کپتان رضوان پرسکون تھے۔ شاید ایک روز قبل کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف جیت ذہن میں تھی، جب ٹاس کا کردار ثانوی رہ گیا تھا اور کل بھی ٹاس جیتنے والے کو راس نہ آیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف بھی منگل کو اس کی جیت اس بات کا مظہر تھی کہ ٹیم کسی ایک کھلاڑی پر انحصار نہیں کر رہی ہے بلکہ ہر میچ میں نیا میچ ونر سامنے آجاتا ہے۔ منگل کی شام کی جیت میں ٹم ڈیوڈ اور روئلی روسو نے ہائی سکورنگ میچ میں اہم کردار ادا کیا۔

ملتان کی طرف سے شان مسعود نے ایک بار پھر عمدہ بیٹنگ کی اور 43 رنز کی اننگز کھیلی لیکن ملتان کے 217 رنز کے مجموعے کے اصل خالق سنگاپور سے تعلق رکھنے والے ٹم ڈیوڈ اور روئلی روسو تھے، جنہوں نے چھکوں کی برسات کر دی۔

ٹم ڈیوڈ کی بیٹنگ میں بجلی کی سی تیزی تھی۔ صرف 29 گیندوں پر 71 رنز کی اننگز نے تماشائیوں کو زبردست تفریح فراہم کی جبکہ دوسری طرف سے روئلی روسو نے بھی خوب ہاتھ دکھائے اور 67 رنز کی اننگز کھیلی۔ دونوں بلے بازوں نے 110 رنز کی رفاقت کی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ملتان نے آخری پانچ اوورز میں 81 رنز بناکر یونائیٹڈ کی بولنگ کو تتر بتر کر دیا۔

مقررہ 20 اوورز میں 217 رنز مخالف ٹیم کے اوسان خطا کرنے کے لیے کافی تھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کا آغاز تو مطلوبہ اوسط کے لحاظ سے مناسب تھا لیکن مسلسل وکٹیں گرنے کے عمل نے ہدف کو مشکل بنا دیا۔

پہلے میچ کے ہیرو پال سٹرلنگ جلدی آؤٹ ہوگئے، دوسرے بلے بازوں نے رنز تو سمیٹے لیکن بڑی پارٹنرشپ نہیں بناسکے۔ اسلام آباد کی طرف سے کپتان شاداب خان نے شاندار بیٹنگ کی اور تنہا ہی مقابلہ کیا۔ وہ کسی بھی بولر کو خاطر میں نہیں لائے اور چھکوں چوکوں کی بارش کرتے رہے مگر 91 رنز پر ان کی اننگز اختتام پذیر ہوگئی۔

شاداب کی بھرپور کوششوں کے باوجود اسلام آباد یونائیٹڈ ہدف سے 21 رنز پیچھے رہ گئی۔

خوشدل شاہ کا نیا روپ

اس لیگ میں ہارڈ ہٹر خوشدل شاہ ایک خطرناک بولر کے روپ میں سامنے آئے ہیں۔ بائیں ہاتھ سے سلو آرتھوڈوکس بولر نے گذشتہ روز کوئٹہ کے خلاف بھی عمدہ بولنگ کی تھی اور تین وکٹ لے کر میچ پلٹ دیا تھا۔ منگل کی شب بھی انہوں نے یہی کیا اور اب تک نو وکٹیں لے کر لیگ میں سرفہرست ہیں۔

اب تو مداحوں  نے انہیں شین وارن کہنا شروع کر دیا ہے۔ وہ جس طرح خطرناک بولر بن گئے ہیں اس پر رضوان ایک اور میچ ونر کی موجودگی سے مزید مطمئن ہوگئے ہیں۔

محمد وسیم، مارچنٹ ڈی لانگے اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ