اسلام آباد نے جیتی ہوئی بازی ہار دی، ملتان بدستور ناقابل شکست

پاکستان سپر لیگ سیزن سیون میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو آٹھ رنز جبکہ ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 57 رنز سے شکست دے دی۔

پانچ فروری، 2022 کو کراچی میں پی ایس ایل کے ایک میچ میں لاہور کے شاہین شاہ آفریدی کا اسلام آباد کے ایلکس ہیلز کو آؤٹ کرنےکے بعد ایک انداز (اے ایف پی)

پاکستان سپر لیگ سیزن سیون میں ہفتے کو لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو آٹھ رنز جبکہ ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 57 رنز سے شکست دے دی۔

آج کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ڈبل ہیڈر کے پہلے میچ میں اسلام آباد کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جسے لاہور قلندرز کے اوپنر عبداللہ شفیق اور فخر زمان نے یکسر غلط ثابت کردیا۔

لاہور کی جانب سے پاور پلے میں 73 رنز نے کسی بہت بڑے سکور کا بگل بجا دیا تھا جس میں فخر کے فلک شگاف چھکے کے علاوہ عبداللہ کے کلاسک شاٹ بھی تھے۔

تاہم اگلے 14 اوورز میں اسلام آباد نے صرف 101 رنز دیے۔ لاہور کے رنز کنٹرول کرنے کا سہرا شاداب کو جاتا ہے جنہوں نے چار اوورز میں 20 رنز دے کر چار وکٹیں لیں اور حریف ٹیم کو 174 پر محدود کردیا۔

اسلام آباد کے کولن منرو اور شاداب خان نے ہدف کے تعاقب میں دو وکٹ جلدی گرجانے کے باوجود 100 رنز کی پارٹنرشپ کرکے قلندرز کا ویک اینڈ خراب کرنے کی کوشش کی لیکن ایسا ہو نہ سکا۔ منرو نے 60 اور شاداب نے 52 رنز بنائے۔

16 ویں اوور تک لاہور کا کوئی بھی بولر اسلام آباد کو پریشان نہ کرسکا لیکن شاداب اور منرو کے آؤٹ ہونے کے بعد وہی بولنگ خطرناک ہوگئی اور باقی بلے باز آخری پانچ اوورز میں 34 رنز نہ بنا سکے۔

لاہور کے زمان خان نے آخری اوور میں 12 رنز کا ہدف ہونے کے باوجود نامور بلے باز آصف علی اور اعظم خان کو صرف تین رنز بنانے دیے۔

زمان کو اپنی عمدہ پرفارمنس کی وجہ سے میچ کے بہترین کھلاڑی کا انعام ملا۔ لاہور قلندرز یہ میچ جیت کر چھ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری جگہ پر آ گئی۔

آج کے دوسرے میچ میں ملتان سلطانز نے اپنی جیت کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے پشاور زلمی کو57 رنز سے شکست دی۔

ملتان کے لیے ٹاس ہارنا ایک بار پھر خوش قسمتی کا باعث بنا۔ ملتان نے مقررہ 20 اوورز میں 222 رنز بنائے جس میں کپتان محمد رضوان کے 82 رنز اور ٹم ڈیوڈ کے 51 رنز کی اننگز سے زیادہ پشاور  کی خراب فیلڈنگ کا حصہ تھا۔

پشاور کے فیلڈرز نے پانچ کیچ ڈراپ کرکے ملتان کو ایک بڑا سکور کرنے میں بھرپور مدد فراہم کی جبکہ بولنگ بھی درمیانی درجہ کی تھی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وہاب ریاض نے ایک بار پھر خراب بولنگ کا مظاہرہ کیا اور چار اوورز میں 55 رنز دیے جبکہ دوسرے بولرز بھی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے۔

ملتان کی طرف سے ٹم ڈیوڈ نے لیگ کی دوسری تیز ترین نصف سنچری بنائی۔

جوابی بیٹنگ میں پشاور زلمی مطلوبہ رن ریٹ کے مطابق بیٹنگ نہیں کرسکی اور مقررہ 20 اوورز میں 165 رنز بنا سکی۔

بین کٹنگ نے سب سے زیادہ 52 رنز بنائے۔ ملتان کی طرف سے عمران طاہر اور شاہنواز دھانی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین تین وکٹ لیے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ