سبی میں دھماکہ: سات سکیورٹی اہلکار جان سے گئے

سینیئر پولیس افسر دوستان دشتی کے مطابق دھماکہ خودکش نوعیت کا لگتاہے اوریہ سبی میلے کی اختتامی تقریب میں صدر عارف علوی کی شرکت کے کچھ دیر بعد ہوا۔

بلوچستان کے ضلع سبی میں منگل کو ایک بم دھماکے میں پولیس حکام کے مطابق سات سکیورٹی اہلکار جان سے چلے گئے۔

دھماکہ جیل روڈ پر لوکل گورنمنٹ کے آفس کے قریب  تاریخی سبی میلے کی اختتامی تقریب  کے بعد ہوا۔

دھماکے سے کچھ دیر قبل  صدر عارف علوی  میلے کی اختتامی تقریب میں شرکت کے بعد چلے گئے تھے۔ ان کی موجودگی کی وجہ سے علاقے میں سخت سکیورٹی انتظامات تھے۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق نام نہاد تنظیم داعش نے اپنے ٹیلی گرام چینلز پر دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

داعش کا کہنا ہے کہ اس کے ایک رکن نے سکیورٹی اہلکاروں کے پاس جا کر دھماکہ خیز بیلٹ اڑا دی۔

سینیئر پولیس افسر دوستان دشتی کے مطابق واقعے میں ایف سی کے سات ارکان جان سے گئے جبکہ پولیس اہلکاروں سمیت 17 زخمی ہوئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ دھماکہ صدر علوی کے تقریب سے جانے کے 25 منٹ بعد ہوا اور یہ کہ ابتدائی تحقیقات سے عندیہ ملا ہے کہ دھماکہ خودکش نوعیت کا تھا۔

صوبائی انتظامیہ کے ایک افسر ہاشم گلزئی نے بھی سات اموات کی تصدیق کی ہے۔ابھی تک کسی نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ 

وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اس میں قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ’دہشت گردوں نے سبی کے تاریخی میلے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

یاد رہے کہ سبی میں ہر سال بہار کی آمد کے موقعے پر تاریخی میلہ لگتا ہے، جس میں صوبے اور دیگر شہروں سے لوگ شریک ہوتے ہیں۔

دوسری جانب آئی ایس پی آر نے آج ایک بیان میں بتایا کہ  بلوچستان کے علاقے تربت میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک آپریشن میں ’سات دہشت گرد‘ مارے گئے۔

بیان کے مطابق ’سکیورٹی اہلکار علاقے کا کلیئرنس آپریشن کر رہے تھے کہ دہشت گردوں نے اپنے کیمپ سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ میں سات دہشت گرد مارے گئے۔‘

بیان میں کہا گیا کہ ’یہ دہشت گرد حال ہی میں مکران ڈویژن میں سکیورٹی فورسز پر حملے میں ملوث تھے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان