بابر نے بنائی 16ویں سنچری، سیریز پاکستان کے نام

پاکستان نے آخری ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا کو نو وکٹوں سے باآسانی ہرا کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔

دو اپریل، 2022 کو لاہور میں آسٹریلیا کے خلاف آخری ون ڈے میچ میں بابر اعظم اور امام الحق رن لے رہے ہیں (اے ایف پی)

پاکستان نے ہفتے کو تیسرے اور فیصلہ کن ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا کو نو وکٹوں سے باآسانی ہرا کر سیریز 1-2 سے جیت لی۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کا فیصلہ پاکستان کی اننگز کے 38ویں اوور میں ہو گیا جب بابر اعظم اور اوپنر امام الحق نے آسٹریلیا کا 211 رنز کا ہدف عبور کر لیا۔

سیریز کے آخری میچ میں بھی بابر نے فاتحانہ اننگز کھیلتے ہوئے کیریئر کی 16 ویں سنچری بنائی۔

آج کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیتا اور پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو بہت حد تک صحیح ثابت ہوا جب میزبان ٹیم کے تیز بولر شاہین شاہ آفریدی نے میچ کی پہلی گیند پر ٹریوس ہیڈ کو بولڈ کردیا۔ ان کی لیٹ سوئنگ ہیڈ کو سمجھ نہ آ سکی۔

مہمان ٹیم کو دوسرا دھچکہ حارث رؤف نے پہنچایا جب انہوں نے کپتان ارون فنچ کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔ فنچ اس سیریز میں بالکل ناکام رہے۔

آسٹریلیا کی مشکلات میں مزید اضافہ اس وقت ہوا جب مارنوس لابوشین بھی حارث کی گیند پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہوگئے اس وقت مجموعی سکور صرف چھ رنز تھا۔

اس موقعے پر میکڈرموٹ نے ٹیم کو مشکلات سے نکلالنا چاہا تاہم وہ بھی 36 رنز بنا کر محمد وسیم کا نشانہ بن گئے۔

سٹوئنس کو زاہد محمود کی گیند پر امام الحق نے مشکل کیچ لے کر آؤٹ کیا۔

67رنز پر آدھی ٹیم کے آؤٹ ہوجانے پر ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ میچ بہت جلد ختم ہوجائے گا۔

تاہم ایلکس کیری، کیمرون گرین اور شان ایبٹ نے عمدہ بیٹنگ کرکے ٹیم کو کسی حد تک سنبھالا۔

کیری نے 56 اور ایبٹ نے 49 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی پوری ٹیم 42 اوور میں 210 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی طرف سے حارث رؤف اور محمد وسیم نے تین، تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان نے 211 رنز کا ہدف بنا کسی مشکل کے  ایک وکٹ کے نقصان پر عبور کرلیا۔

پاکستان کی طرف سے بابر اور امام نے ایک بار پھر عمدہ بیٹنگ کی اور جیت کو یقینی بنایا۔

دونوں نے 24 رنز پر فخر زمان کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی دوسرا نقصان نہیں ہونے دیا۔ امام الحق نے 89 رنز جبکہ بابر نے105 رنز بنائے۔ بابر نے اپنی سنچری 110 گیندوں پر مکمل کی جس میں 12 چوکے شامل تھے۔

پاکستان کی بیٹنگ کا انداز گذشتہ میچ کی طرح جارحانہ رہا اور کم ہدف کے باوجود رنز بنانے کی رفتار تیز رکھی جس سے مہمان ٹیم کی بولنگ کوئی وار نہ کرسکی۔

پاکستان نے ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد ون ڈے سیریز جیت کر کسی حد تک ناقدین کو خاموش کردیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ