اٹلی: سائیکلسٹ کو جشن منانا مہنگا پڑ گیا، مقابلے سے باہر

اریٹیریا کے ایک سائیکلسٹ کو اپنی فتح کا جشن منانا اس وقت مہنگا پڑ گیا جب کاربونیٹڈ مشروب کی بوتل کا منہ بند کرنے والا کارک اڑ کر ان کی آنکھ میں جا لگا۔

اریٹیریا سے تعلق رکھنے والے سائیکلسٹ بینیام گیرمے کو اپنی جیت کا جشن منانا مہنگا پڑ گیا کیوں کہ جیسے ہی انہوں نے کاربونیٹڈ مشروب کی بوتل کا منہ بند کرنے والے کارک کو کھولا تو وہ اڑ کر ان کی بائیں آنکھ میں جا لگا۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی خبر کے مطابق 22 سالہ بینیام اٹلی میں منعقد ہونے والی سائیکل ریس میں پہلے افریقی کھلاڑی بنے تھے جنہوں نے کسی سائیکل ریس کا مرحلہ اپنے نام کیا ہو۔

بینیام نے اٹلی کے شہر جیسی میں ہونے والی تین ہزار 480 کلومیٹر طویل سائیکل ریس کا دسواں مرحلہ منگل کو اپنے نام کیا تھا، جس کے اختتام پر انہیں تہنیتی طور پر سٹیج پر بلایا گیا تھا۔

بینیام جب سٹیج پر آئے تو ان کے دائیں ہاتھ میں ایک گلدستہ اور بائیں ہاتھ میں ایک ڈبہ موجود تھا جس میں ان کے لیے تحفہ تھا۔

ان کے سامنے ہی اٹلی میں تیار کردہ کاربونیٹڈ مشروب کی بوتل موجود تھی، جسے بینیام نے کھولنے کی کوشش کی۔

مشروب کی بوتل کے منہ کو کارک سے بند کیا گیا تھا جو اڑ کر بینیام کی بائیں آنکھ میں لگا۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بینیام کارک لگتے ہی تکلیف کا اظہار کرتے ہیں اور اپنے بازو اور ہاتھ سے بار بار آنکھ مل رہے ہیں۔

تاہم پھر بھی انہوں نے حاضرین کی جانب ہاتھ ہلائے اور جیت پر داد دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

امریکی خبررساں ادارے اے پی کے مطابق اریٹیریا کی ٹیم کے ساتھ موجود معالج پائیٹ دانیلز نے کہا ہے کہ بینیام کی آنکھ میں ’اندرونی چوٹیں آئی ہیں اور تجویز یہی ہے کہ وہ کوئی جسمانی کام نہ کریں‘۔

بینیام اس واقعے کے اگلے ہی روز اٹلی میں ہونے والے سائیکل مقابلے سے دستبردار ہو گئے ہیں۔

روئٹرز کے مطابق ایک بیان میں دانیلز کا کہنا تھا کہ ’بینیام کی چوٹ کا علاج درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اور آئندہ چند روز میں میڈیکل ٹیم دوبارہ معائنہ کرے گی۔ آنکھ کو اندرونی چوٹ کے پھیلاؤ سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ وہ کوئی جسمانی کام نہ کریں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل