پنجاب: دوست مزاری ڈپٹی سپیکر نہیں رہے، نیا انتخاب کل ہوگا

دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد نئے ڈپٹی سپیکر کے چناؤ کے لیے آج شام پانچ بجے تک کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے جبکہ الیکشن اتوار (31 جولائی) کو ہوگا۔

22 جولائی 2022 کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری نے اپنی رولنگ میں مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کے ایک خط کا حوالہ دے کر مسلم لیگ ق کے ارکان اسمبلی کے 10 ووٹ مسترد کرتے ہوئے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ پنجاب قرار دیا تھا (فائل فوٹو: دوست محمد مزاری فیس بک پیج)

پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد اب ڈپٹی سپیکر نہیں رہے۔

جمعرات کو پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے راجہ بشارت نے دوست مزاری کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد جمع کروائی تھی، جسے ایوان نے کثرت رائے سے منظور کیا تھا اور بعدازاں اس پر ووٹنگ ہوئی۔

22 جولائی کو ہونے والے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری نے اپنی رولنگ میں مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کے ایک خط کا حوالہ دیتے ہوئے مسلم لیگ ق کے ارکان اسمبلی کے 10 ووٹ مسترد کرتے ہوئے حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ پنجاب قرار دیا تھا۔

تاہم بعد میں مسلم لیگ ق کی درخواست پر سپریم کورٹ نے سماعت کی اور چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اپنے فیصلے میں ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کو کالعدم قرار دیا تھا۔

جمعے کو پنجاب اسمبلی میں سپیکر کے انتخاب کے بعد جیسے ہی پی ٹی آئی کے سبطین خان نے سپیکر کا حلف اٹھایا، انہوں نے ایوان میں ڈپٹی سپیکر کے خلاف عدم اعتماد پر کارروائی شروع کروا دی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ووٹنگ کے نتیجے میں دوست مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حق میں 186 ووٹ پڑے۔

ووٹنگ سے قبل خالی بیلٹ باکس بھی ایوان میں دکھائے گئے تھے۔

 دوست محمد مزاری نے 2018 کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر پی پی 175 راجن پور سے الیکشن میں حصہ لیا تھا اور جیت کر رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے، جس کے بعد انہیں پنجاب اسمبلی کا ڈپٹی سپیکر منتخب کیا گیا تھا۔

تحریک عدم اعتماد میں کامیابی کے بعد سپیکر محمد سبطین خان نے ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے لیے طریقہ کار بیان کیا، جس کے مطابق ڈپٹی سپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا۔

اس سلسلے میں آج یعنی ہفتے کی شام پانچ بجے تک کاغذات نامزدگی سیکرٹری پنجاب اسمبلی کے آفس میں جمع ہوں گے، جن کی جانچ پڑتال آج ہی شام پانچ بجکر 10 منٹ پر ہوگی۔

ڈپٹی سپیکر کا انتخاب 31 جولائی کو ہوگا۔ اجلاس کا ایجنڈا مکمل ہونے پر سپیکر نے اجلاس 31 جولائی 2022 بروز اتوار دن ایک بجے  تک کے لیے ملتوی کر دیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان