امریکی فرم کی خدمات کا مقصد بائیڈن تک رسائی نہیں: پی ٹی آئی

معاہدے پر پی ٹی آئی یو ایس اے کی طرف سے پارٹی کے قانونی مشیر سلمان روالا کے دستخط ہیں جبکہ فینٹن ارلک کی نمائندگی ڈیوڈ فینٹن نے کی ہے۔

20 مئی 2022 کی اس تصویر میں پاکستان تحریک انصاف کے حامیوں کو ملتان میں ہونے والے ایک جلسے میں شریک دیکھا جا سکتا ہے(اے ایف پی)

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے امریکہ کی عوام اور ذرائع ابلاغ کے اداروں تک اپنا نقطہ نظر پہنچانے کی غرض سے امریکی تعلقات عامہ کی کمپنی کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔

امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں قائم فینٹن آرلک ایل ایل سی نامی تعلقات عامہ کی کمپنی اور پی ٹی آئی یو ایس اے کے درمیان یکم اگست کو ایک معاہدہ طے پایا جس کے تحت ادارے نے اپنی گاہک جماعت پی ٹی آئی یو ایس اے کو جنوری 2023 تک پبلک ریلیشنز (تعلقات عامہ) کی خدمات فراہم کرے گی۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی یو ایس اے ایل ایل سی پاکستان میں عمران خان کی جماعت پاکستان تحریک انصاف سے منسلک ہے لیکن یہ امریکہ کے مقامی قوانین کے تحت ایک لمیٹڈ لائی ایبیلیٹی کمپنی (ایل ایل سی) کی حیثیت سے رجسٹر ہے۔

معاہدے کے تحت فینٹن آرلک پی ٹی آئی یو ایس اے کو مواصلاتی خدمات (کمیونیکیشن سروسز) فراہم کرے گی، جن میں صحافیوں کو معلومات پہنچانا اور ان کی بریفنگز کا اہتمام کرنا، آرٹیکلز چھپوانا اور نشریاتی مواد نشر کروانا، پی ٹی آئی کے نمائندوں اور حامیوں کے انٹرویوز کا انتظام کرنا اور سوشل میڈیا سے متعلق مشاورت فراہم کرنا شامل ہوں گی۔

تاہم معاہدے میں واضح کیا گیا ہے کہ فینٹن ارلک کی خدمات صرف مندرجہ بالا میدانوں تک ہی محدود نہیں ہوں گی۔

معاہدے پر پی ٹی آئی یو ایس اے کی طرف سے پارٹی کے قانونی مشیر سلمان روالا کے دستخط ہیں جبکہ فینٹن ارلک کی نمائندگی ڈیوڈ فینٹن نے کی ہے۔

پی ٹی آئی یو ایس اے فینٹن ارلک کی خدمات کے عوض امریکی کمپنی کو اخراجات کے علاوہ ماہانہ 25 ہزار امریکی ڈالر کا ریٹینرشپ ادا کرے گی جبکہ 750 ڈالرز سے زیادہ خرچ کی ادائیگی الگ سے کی جائے گی۔

پی ٹی آئی یو ایس اے کی جانب سے امریکی کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کی معلومات منظر عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا پر تاثر قائم ہوا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف فینٹن ارلک کے ذریعے امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ سے تعلقات استوار کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

 پی ٹی آئی پاکستان نے اس تاثر کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے لیے ذمہ دار احمد جنجوعہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی یو ایس اے نے پبلک ریلیشنز کمپنی کی خدمات امریکی میڈیا میں اپنی کوریج بڑھانے کی غرض سے حاصل کی ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں انہوں نے کہا اکثر سیاسی جماعتیں ایسی کمپنیوں کی خدمات حاصل کرتی رہتی ہیں اور اس سے پاکستان کی دوسری پارٹیاں بھی مبرا نہیں ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

احمد جنجوعہ نے سوشل میڈیا پر فینٹن ارلک اور پی ٹی آئی یو ایس اے کے درمیان معاہدے کو امریکہ میں صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ تک رسائی کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما چوہدری فواد حسین نے بھی ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ فینٹن ارلک ایل ایل سی ایک میڈیا ریلیشن شپ کی فرم ہے جو پی ٹی آئی یو ایس اے نے امریکی میڈیا میں اپنے نقطہ نظر کو اجاگر کرنے کے لیے انگیج کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسی کمپنیوں کا کام میڈیا اور سیاسی جماعتوں کے درمیان تعلقات کار استوار کرنا ہوتا ہے۔ 

اس سلسلے میں اسلام آباد میں امریکی سفیر ڈیوڈ بلوم کے حالیہ خیبر پختونخوا کے دورے کا ذکر بھی کیا جا رہا ہے جس میں انہوں نے صوبے میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے لیے 36 گاڑیوں کا تحفہ بھی پیش کیا۔

تاہم پاکستان تحریک انصاف نے امریکی سفیر کے دورے کو معمول کی سرگرمی قرار دیا تھا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سیاست