کراچی چڑیا گھر کی ’مدھو بالا‘ کے خراب دانت کی سرجری

گذشتہ برس ماہرین نے چڑیا گھر اور سفاری پارک کے ہاتھیوں کا معائنہ کرکے کہا تھا کہ سفاری پارک کے ہاتھیوں میں پیروں اور چڑیا گھر کے ہاتھیوں میں دانتوں کے امراض موجود ہیں۔

جانوروں کی بین الاقوامی تنظیم ’فور پاز‘ اور جرمنی کے ماہرین کی مشترکہ ٹیم نے کراچی کے چڑیا گھر کی ہتھنی 'مدھو بالا' کے خراب دانت کا کامیاب آپریشن کیا ہے۔ 

کراچی کے چڑیا گھر میں ’مدھوبالا‘ اور ’نور جہاں‘ نامی دو ہتھنیاں ہیں۔ گذشتہ برس ’فور پاز‘ اور جرمنی کے ماہرین کی مشترکہ ٹیم نے چڑیا گھر اور سفاری پارک کے ہاتھیوں کا معائنہ کرکے کہا تھا کہ سفاری پارک کے ہاتھیوں میں پیروں اور چڑیا گھر کے ہاتھیوں میں دانتوں کے امراض موجود ہیں جب کہ ’مدھوبالا‘ کو انفیکشن بھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ان تمام ہاتھیوں کا ہنگامی بنیادوں پر علاج نہ کیا گیا تو ان کی زندگیوں کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ 

جانوروں کے ماہرین پر مشتمل عالمی ٹیم میں شامل لبنز انسٹی ٹیوٹ فار زو اینڈ وائلڈ لائف ریسرچ جرمنی کے ماہر ڈاکٹر فرینک گورٹز نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایک سال پہلے ماہرین نے ان ہاتھیوں کا معائنہ کر کے بیماری کی شدت کی تشخیص کی تھی۔

ڈاکٹر فرینک گورٹز کے مطابق: ’اس وقت ہم نے سوچا تھا کہ دانت میں انفیکشن ہے، اور زخم سوکھا ہوا ہے اس لیے دانت نکالے بغیر ہی انفیکشن کا علاج کیا جائے گا۔ مگر اس دوران ہتھنی کی حالت روز بہ روز خراب ہوتی گئی۔‘

’تکلیف کے باعث ہتھنی دائیں جانب سے جبڑے کو دیوار کے ساتھ رگڑتی رہی ہے جس کے باعث سوجن ہے، اور جلد میں سوراخ بھی ہے۔ اس لیے اب دانت کو نکالنا ہو گا۔‘

جرمن سرجن کے بقول: ’اس پورے آپریشن میں نئی بات یہ ہے کہ یہ سرجری اینستھیزیا کے بغیر کی گئی۔ اینستھیزیا کے باعث اگر ہاتھی دائیں جانب نیچے گر جاتا تو سرجری مشکل تھی کیوں کہ انفیکشن دائیں جانب ہے۔ ایسی صورت میں ہمارے پاس یہاں زیادہ جدید آلات نہیں ہیں کہ جانور کو دائیں سے بائیں منتقل کر سکیں۔ اس لیے نشہ آور دوا کا استعمال کرکے سرجری کی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کراچی چڑیا گھر کے ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر عامر نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ہتھنی کے دانت کے انفیکشن کی سرجری کامیاب رہی اور یہ سرجری پانچ گھنٹوں سے زائد وقت تک جاری رہی۔

انہوں نے بتایا کہ ’انفیکشن کے باعث بننے والے پھوڑے کو نکال دیا گیا ہے۔ پس اور کچرا بھی مکمل طور پر نکال دیا گیا ہے، جبکہ خراب ہونے والے دانت کو ٹکڑے ٹکرے کرکے نکالا گیا۔ دانت کا تھوڑا سا حصہ اندر رہ گیا ہے مگر وہ اتنا خطرناک نہیں ہے۔‘  

کراچی کے چڑیا گھر اور سفاری پارک میں موجود چاروں ہاتھی افریقی نسل کے ہیں۔ ان میں چڑیا گھر میں ’مدھوبالا‘ اور ’نور جہاں‘ نامی دو مادہ جب کہ سفاری پارک میں ’ملکہ‘ نامی مادہ اور ’سونو‘ نامی نر ہاتھی ہیں۔  یہ ہاتھی 2009 کے وسط میں تنزانیہ سے لائے گئے تھے۔

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان