کوک سٹوڈیو کے گلوکار کا گھر سیلاب کی نذر

عبدالوہاب بگٹی ڈیرہ مراد جمالی سے تین کلومیٹر کے فاصلے پر واقع گوٹھ محمد عمر بگٹی کے ایک کچے مکان میں رہائش پذیر تھے۔

کوک سٹوڈیو پاکستان کے گانے ’کنا یاری‘ سے شہرت پانے والے بلوچی فوک گلوکار عبدالوہاب بگٹی کا گھر بلوچستان میں حالیہ بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب کی نذر ہو گیا۔

حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان میں لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔

عبدالوہاب بگٹی بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی سے تین کلومیٹر کے فاصلے پر واقع گوٹھ محمد عمر بگٹی کے ایک کچے مکان میں رہائش پذیر تھے۔ صوبے میں جاری طوفانی بارشوں اور سیلاب نے جہاں اس خطے میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی وہیں عبدالوہاب بگٹی کا گھر بھی پانی میں بہہ گیا۔

عبدالوہاب بگٹی اپنے آٹھ بچوں کے ہمراہ ضروری سامان لے کر ڈیرہ مرادجمالی شہر میں ایک دوست کے ہاں منتقل ہو گئے۔

انڈپینڈنٹ اردو سے بات چیت کرتے ہوئے عبدالوہاب بگٹی کا کہنا تھا کہ پچھلے ڈیڑھ ماہ سے ہمارے علاقے میں طوفانی بارشیں جاری ہیں جبکہ اس ضلع میں واقع ڈیمز اور کینالز کو نقصان پہنچنے سے کئی دیہات بھی زیر آب آ گئے ہیں۔

عبدالوہاب بگٹی کا کہنا ہے کہ ’میرے گھر میں ایک چھوٹا سے سٹوڈیو بھی تھا جس میں روزانہ مختلف گانوں کی تربیت حاصل کرتا تھا۔ سوشل میڈیا پر میرے متعلق خبر چلنے سے موسیقی کی دنیا کے دوستوں اور دور دراز علاقوں سے لوگوں نے مجھ سے رابطہ کرنا شروع کیا ہے جن کا میں شکرگزار ہوں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

’میں نے سنا ہے کہ میوزک انڈسٹری میرے حوالے سے ٹوئٹر پر ایک ٹرینڈ بھی چلارہی ہے جس سے میری مدد کی جائے گی۔ حکومت سے میرا مطالبہ ہے کہ ایسا انتظام کیا جاسکے کہ میں ایک مرتبہ پھر اپنے گھر کو آباد کر کے وہاں سے موسیقی جاری رکھ سکوں۔‘

عبدالوہاب بگٹی کا کہنا ہے کہ ’میں نے گلوکاری کا آغاز بچپن سے کیا تھا تاہم مجھے شہرت بلوچی زبان میں گائے گئے ملی نغموں سے ملی جس نے مجھے کوک سٹوڈیو تک پہنچایا۔‘

کوک سٹوڈیو کے سیزن 14 کے بارے میں عبدالوہاب بگٹی کا کہنا تھا کہ وہ نئے گلوکاروں کو متعارف کروانے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہے ’میری خواہش ہے کہ بلوچستان اور پاکستان کا نام موسیقی کی دنیا میں روشن کروں۔‘

دوسری جانب کوک سٹوڈیو پاکستان کے روح رواں ذلفی نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ ’ہم وہاب بگٹی صاحب اور ان کے پیاروں کے ساتھ ہیں اور رہیں گے تاکہ مشکل وقت پر قابو پا سکیں۔ یقین رکھیں کہ انہیں وہاں تمام ممکنہ مدد پہنچائی جا رہی ہے۔‘  

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان