عائشہ قاضی: پاکستان میں ’فلیگ فٹ بال‘ کی پہلی تربیت یافتہ کوچ

مراکش میں کوچنگ کی تربیت حاصل کرنے کے بعد عائشہ قاضی پاکستان میں اس کھیل کے فروغ کے لیے پرعزم ہیں۔

لاہور کی عائشہ قاضی کو عالمی سطح پر تیزی سے مقبول ہوتے کھیل ’فلیگ فٹ بال‘ کی پاکستان میں پہلی تربیت یافتہ کوچ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔

پاکستان میں ابھی تک ویمن فلیگ فٹ بال کے کھیل کو باقاعدہ فروغ نہیں ملا جبکہ دنیا میں یہ کھیل کئی ممالک کی خواتین عالمی سطح پر کھیل رہی ہیں۔

لاہور کی سپورٹس ویمن عائشہ نے انٹرنیشنل ویمن فلیگ فٹبال ایسوسی ایشین (آئی ڈبلیو ایف ایف اے) کے زیر اہتمام مراکش میں کچھ عرصہ قبل باقاعدہ تربیتی کیمپ میں شرکت کی اور کوچنگ کورس مکمل کیا۔

انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ وہ ملکی سطح پر کرکٹ بھی کھیل چکی ہیں اور دیگر کھیلوں میں بھی حصہ لیتی رہی ہیں۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر ویمن فلیگ فٹ بال کے بارے میں تفصیل دیکھی تو ایسوسی ایشن سے رابطہ کیا۔ 

ان کے رابطہ کرنے پر آئی ڈبلیو ایف ایف اے نے انہیں کہا کہ وہ کوچنگ کورس کے لیے درخواست دیں۔

ان کے مطابق پاکستان سے کئی خواتین نے درخواست دی لیکن انتخاب صرف انہی کا ہوا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

چند ماہ پہلے انہیں بذریعہ ای میل آگاہ کیا گیا کہ وہ مراکش میں تربیتی کمیپ میں شامل ہوں۔

’وہاں بہترین تربیت دی گئی اور کوچنگ کے لیے تیار کیا گیا تاکہ میں پاکستان میں پہلے سے موجود آئی ڈبلیو ایف ایف اے کی انتظامیہ سے مل کر ملک بھر میں خواتین کو اس کھیل کے لیے تیار کروں اور یہاں بھی ٹیم بن سکے جو عالمی مقابلوں میں حصہ لے۔‘

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ جلد ہی پاکستان میں اس کھیل کی تربیت کے لیے کلب بنانے کا کام شروع کریں گی تاکہ اس کھیل کو فروغ ملے۔

عائشہ نے کہا کہ ’اس کھیل کو ہر عمر کی خواتین کھیل سکتی ہیں۔ اس میں مخصوص یونیفارم ہوتا ہے۔ کھیل کے قواعد بھی خواتین کی جسمانی پوزیشن کو دیکھ کر بنائے گئے ہیں۔‘

عائشہ کہتی ہیں کہ ’صحت مند سرگرمی کے ساتھ یہ کھیل فٹنس کے لیے بھی مفید ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل