ملکہ برطانیہ 96 برس کی عمر میں وفات پا گئیں

بکنگھم پیلس نے اطلاع دی ہے کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ 96 سال کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ ملکہ الزبتھ برطانیہ کی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک تخت نشین رہی ہیں۔

ملکہ الزبتھ 21 اپریل 1926 کو مئےفیر میں پیدا ہوئی تھیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

برطانیہ کے شاہی خاندان نے اطلاع دی ہے کہ ملکہ برطانیہ الزبتھ 96 سال کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔

شاہی خاندان کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اس سہ پہر بیلمورل میں ملکہ کی پرسکون حالت میں موت ہو گئی ہے۔‘ 

بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’بادشاہ اور ملکہ کنسورٹ آج شام بیلمورل میں ہی رہیں گے اور کل لندن واپس آئیں گے۔‘

ملکہ الزبتھ کے چاروں بچے سابق شہزادہ چارلس، شہزادی این، شہزادہ اینڈریو اور شہزادہ ایڈورڈ بھی بیلمورل میں موجود ہیں۔ ملکہ الزبتھ کے پوتے شہزادہ ولیم بھی بیلمورل پہنچ چکے ہیں جبکہ شہزادہ ہیری راستے میں ہیں۔

ملکہ الزبتھ دوم کی موت کے بعد ان کے سب سے بڑے بیٹے اور سابق پرنس آف ویلز چارلس برطانیہ کے نئے بادشاہ اور دولت مشترکہ میں شامل 14ممالک کے سربراہ ہوں گے۔

برطانیہ کے نئے بادشاہ چارلس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’میری پیاری والدہ ملکہ کی موت میرے اور میرے خاندان کے تمام افراد کے لیے شدید غم کا لمحہ ہے۔‘

برطانیہ کی وزیر اعظم لز ٹرس کے مطابق چارلس اب بادشاہ چارلس سوئم کے نام سے جانے جائیں گے۔

ملکہ الزبتھ 21 اپریل 1926 کو مئےفیر میں اپنے دادا دادی کے گھر صبح 2:40 بجے پیدا ہوئی تھیں۔

ملکہ الزبتھ دوم برطانیہ کی تاریخ میں سب سے طویل عرصے تک تخت نشین رہی ہیں۔ ان کا یہ دور 70 سالوں پر محیط رہا۔

وہ 1952 میں تخت پر بیٹھیں اور اس دوران انہوں نے بڑی بڑی سماجی تبدیلیاں دیکھیں۔ اس تمام عرصے کے دوران برطانیہ میں 15 وزیراعظم تبدیل ہوئے ہیں۔

اس سے پہلے جمعرات کو بکنگھم پیلس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ ملکہ برطانیہ طبیعت خراب ہونے کے باعث بیلمورل کاسل میں زیرِ علاج ہیں۔

بیان کے مطابق ڈاکٹروں نے ملکہ کی صحت کے بارے میں تشویش ظاہر کیے جانے کے بعد انھیں طبی نگہداشت میں رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال اپریل میں ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کے شوہر شہزادہ فلپ 99 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔

منگل ہی کو ملکہ الزبتھ کی جانب سے برطانوی وزیراعظم کے عہدے پر تعینات ہونے والی لز ٹرس نے ملکہ کی موت پر کہا ہے کہ ’ملکہ نے ہمیں وہ استحکام اور طاقت عطا کی جس کی ضرورت تھی۔‘

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا