کراچی: بجلی بریک ڈاؤن پر کے الیکٹرک کے سربراہ کے وارنٹ گرفتاری

سندھ ہائی کورٹ میں مقدمات کی سماعت کے دوران عدالت کی بجلی چلی گئی جس پر متعلقہ عدالت کے جج نے کے الیکٹرک کے سی ای او کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کر دیا۔

کراچی کو بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی کے ترجمان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا: شہر کے مختلف علاقوں سے بار بار بجلی کی معطلی کی خبریں آرہی ہیں جن کی تحقیق کی جارہی ہیں (اے ایف پی)

پاکستان میں بجلی کے جنوبی ترسیل کے نظام بظاہر فنی خرابی کے باعث کراچی سمیت اندرون سندھ کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

متاثرہ علاقوں میں صوبہ سندھ کے مختلف شہروں سمیت بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے کئی علاقے شامل ہیں۔کراچی کے بھی بڑی تعداد میں علاقے بجلی کے بریک ڈاؤن سے متاثر ہوئے ہیں۔

سندھ ہائی کورٹ نے بھی سماعت کے دوران بجلی چلے جانے کے بعد کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک کے سی ای او کی گرفتاری وارنٹ جاری کر دیے۔

سندھ کے دارالحکومت کراچی سمیت بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے کئی علاقے ٹرانسمشن سسٹم میں حادثاتی خرابی کے باعث صبح آٹھ بجے سے بجلی سے محروم ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے وزارت توانائی کے ذرائع نے تصدیق کی کہ صبح آٹھ بجے سے مختلف شہروں سے بجلی معطل ہونا شروع ہوگئی اور دوپہر کے ایک بجے تک بحال نہیں ہوسکی۔

اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ نیشنل گرڈ میں خرابی کے باعث چھ ہزار میگاواٹ بجلی کی فراہمی بند ہو گئی، جس کے باعث بریک ڈاؤن شروع ہوا۔ نیشنل گرڈ میں خرابی ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا ہے۔

بجلی کے اس بڑے بریک ڈاؤن سے کراچی کے کئی علاقے بشمول صدر، گلشن اقبال، لیاقت آباد، ناظم آباد، فیڈرل بی ایریا، لیاری، کھارادر، قائدآباد، ملیر ہالٹ، راشد منہاس روڈ، گلشن جمال، ڈالمیا روڈ، گلستان جوہر ڈیفنس ہاؤسنگ اور پی ای سی ایچ سوسائٹی سمیت کئی علاقوں سے بجلی معطل ہے۔

 کراچی کو بجلی سپلائی کرنے والی کمپنی کے ترجمان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا: ’شہر کے مختلف علاقوں سے بار بار بجلی کی معطلی کی خبریں آرہی ہیں جن پر تحقیق کی جارہی ہیں۔‘

 وفاقی وزارت توانائی نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا گیا کہ  ’ملک کے جنوبی ٹرانسمیشن سسٹم میں حادثاتی خرابی کے باعث متعدد جنوبی پاور پلانٹس مرحلہ وار ٹرِپ ہو رہے ہیں جس سے مُلک کے جنوبی حصے میں بجلی کی ترسیل میں رکاوٹ آ رہی ہے۔‘ وزارتِ توانائی پوری تندہی سے خرابی کی وجہ کی تفتیش کر رہی ہے اور جلد از جلد بجلی کے نظام کو مکمل بحال کر لیاجائے گا۔‘

بجلی کے اس بریک ڈاؤن کے باعث بہاولنگر اور ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے کئی شہرں میں بجلی معطل ہے۔ جبکہ تقریباً پورے بلوچستان میں بھی بجلی کی فراہمی بند ہوگئی ہے۔

واپڈا ذرائع کے مطابق گڈو تھرمل پاور ہاؤس میں بھی فنی خرابی ہوئی ہے جس سے 832 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والے چھ یونٹ ٹرپ ہوگئے تھے۔ اس خرابی کے باعث سندھ، بلوچستان اور پنجاب کو گڈو تھرمل بجلی گھر سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان