بغیر حجاب کوہ پیمائی کرنے والی الناز رکابی کا ایران میں شاندار استقبال

عوام بڑی تعداد میں خمینی ایئر پورٹ پر الناز رکابی کا استقبال کرنے کے لیے موجود تھے۔ نعرے لگاتے ہوئے انہوں نے 33 سالہ کوہ پیما کو حجاب نہ پہننے کے عمل پر سراہا۔

18  اکتوبر 2022 کو ایرانی کوہ پیما الناز رکابی جنوبی کوریا میں بغیر حجاب کے کوہ پیمائی مقابلے میں  شرکت کرتے ہوئے (اے ایف پی)

حجاب کے بغیر ایک بین الاقوامی ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ایرانی کوہ پیما الناز رکابی کا وطن واپسی پر تہران میں پرجوش استقبال کیا گیا۔

عوام بڑی تعداد میں خمینی ایئر پورٹ پر الناز رکابی کا استقبال کرنے کے لیے موجود تھے۔ نعرے لگاتے ہوئے انہوں نے 33 سالہ کوہ پیما کو حجاب نہ پہننے کے عمل پر ہیرو قرار دیا۔

سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں الناز کے سینکڑوں حامیوں کو ٹرمینل کے باہر تالیاں بجاتے اور ’الناز ایک ہیرو ہیں‘ کے نعرے لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

الناز کا ان کے اہل خانہ نے خیرمقدم کیا اور اس دوران لوگوں نے انہیں پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔

رواں ہفتے کے آغاز پر الناز نے جنوبی کوریا میں ہونے والی ایشین چیمپیئن شپ میں سکارف کے بغیر حصہ لیا تھا۔

ایران میں نافذ سخت قانون کے تحت خواتین سر ڈھانپنے کی پابند ہیں چاہے وہ بیرون ملک مقابلوں میں حصہ ہی کیوں نہ لے رہی ہوں۔

لیکن الناز کی جانب سے حجاب پہننے کا انتخاب اس وقت سامنے آیا جب ایران 22 سالہ مہسا امینی کی پولیس حراست میں موت کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں کی لپیٹ میں ہے جہاں احتجاج پانچویں ہفتے میں داخل ہو گیا ہے۔

مہسا امینی کو ملک کی اخلاقی پولیس نے سکارف درست طریقے سے نہ پہننے پر حراست میں لیا تھا جن کی پراسرار موت کے بعد کئی خواتین کو احتجاج میں اپنے حجاب اتارتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

یہ مظاہرے سو سے زیادہ شہروں میں حکومت مخالف احتجاج میں بدل چکے ہیں اور یہ برسوں میں ایران کی نظریاتی حکومت کے لیے سب سے سنگین چیلنج بن چکا ہے۔

الناز کے حجاب کے بغیر مقابلے میں حصہ لینے کے اقدام کو ان کی جانب سے ملک میں جاری احتجاج کی حمایت کے طور پر دیکھا گیا۔

تاہم انہوں نے کہا کہ یہ جان بوجھ کر کیا گیا اقدام نہیں تھا بلکہ اس کی وجہ ’ناقص شیڈولنگ‘ تھی۔

اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں الناز نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ مقابلے کے دوران ہیڈ سکارف نہ پہننا غیر ارادی تھا۔

انہوں نے منگل کو اپنے انسٹاگرام پر پوسٹ کیے گئے ایک بیان میں لکھا: ’میں سب سے پہلے ان تمام خدشات کے لیے معذرت خواہ ہوں جو میری وجہ سے پیدا ہوئے ہیں۔‘

انہوں نے ایران کے سرکاری میڈیا کے ساتھ ایک انٹرویو میں بھی یہ بات دہرائی۔

ان کے حوالے سے سرکاری میڈیا پر کہا گیا: ’میں اپنے جوتے پہننے اور اپنے کوہ پیمائی کے سامان کو ٹھیک کرنے میں مصروف تھی اور اس دوران اپنا حجاب پہننا بھول گئی جو مجھے پہننا چاہیے تھا۔‘

تاہم ان حالات کے بارے میں خدشات موجود ہیں جن کے تحت الناز نے ممکنہ طور پر یہ معافی نامہ جاری کیا ہے۔

کچھ رپورٹس کے مطابق ان پر جنوبی کوریا میں ایرانی حکام نے دباؤ ڈالا تھا اور وہ انہیں اپنے ساتھ سفارت خانے لے گئے تھے۔

اسی دوران ایرانی سفارت خانے نے الناز کی ایک حجاب میں تصویر ٹویٹ کی جس میں کہا گیا کہ وہ وطن کے لیے روانہ ہو چکی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سفارت خانے نے ان کے لاپتہ ہونے کی خبروں کو بھی ’جھوٹی خبریں اور غلط معلومات‘ قرار دے کر مسترد کر دیا۔

الناز نے ایران واپسی پر حجاب کے بجائے بیس بال کی ٹوپی سے اپنا سر ڈھانپ رکھا تھا۔

ہوائی اڈے کے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی (حجاب کے بغیر) ویڈیو پر ’شدید ردعمل‘ آیا ہے۔

ان کے بقول: ’میں ذہنی سکون کے ساتھ ایران واپس لوٹی ہوں حالانکہ مجھے بہت زیادہ تناؤ اور پریشانی کا سامنا تھا۔ لیکن ابھی تک خدا کا شکر ہے کچھ غلط نہیں ہوا ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا: ’ہم شیڈول کے مطابق ایران واپس آئے ہیں۔‘

ہوائی اڈے سے باہر نکلنے کے بعد وہ بظاہر ایک وین میں ان کے استقبال کے لیے موجود ہجوم کے درمیان سے گزرتے ہوئے وہاں سے روانہ ہو گئیں۔ یہ واضح نہیں ہے کہ اس کے بعد وہ کہاں گئیں۔

اس رپورٹ میں خبررساں ایجنسیوں کی معاونت شامل ہے۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کھیل