پاکستان اور نیدرلینڈز کے ایک دوسرے پر ’احسانات‘

اتوار کی صبح نیدرلینڈز نے پاکستان پر ایک ’احسان‘ کیا تو دوپہر تک پاکستان نے بھی ’احسان کا بدلہ احسان‘ سے چکا دیا۔

پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان ورلڈ کپ کا میچ 30 اکتوبر کو کھیلا گیا تھا (اے ایف پی)

پاکستان ’قدرت کے نظام‘ سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔ جی بالکل آپ نے صحیح پڑھا ہے پاکستان واقعی سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔

فلاں جیتے، فلاں ہارے، اس میچ میں بارش ہو وغیرہ وغیرہ کا سامنا کرنے والی پاکستان ٹیم پر آخر میں نیدرلینڈز نے ہی ’احسان‘ کیا، جب اس نے جنوبی افریقہ کو اپ سیٹ شکست دی۔

مگر کچھ وقت بعد ہی پاکستان نے ’احسان کا بدلہ احسان‘ سے چکا دیا۔

’سپر سن ڈے‘ کہلائے جانے والے اتوار کو تین میچز کھیلے جانے تھے جس میں نیدرلینڈز کو جنوبی افریقہ کو شکست دینی تھی، پھر پاکستان کو بنگلہ دیش سے جیتنا تھا اور آخر میں انڈیا اور زمبابوے کے درمیان میچ کھیلا جانا تھا۔

اگر جنوبی افریقہ یہ میچ جیت جاتا تو پھر پاکستان کو انڈیا کے ہارنے کی امید کرنی تھی لیکن نیدرلینڈز نے تمام حساب کتاب الٹ دیا اور اس ورلڈ کپ میں صرف پاکستان سے ہارنے والے جنوبی افریقہ کو ’صبح صبح‘ ہی شکست دے کر پاکستان کے لیے راہ ہموار کر دی اور ساتھ انڈیا کی ٹینشن بھی ختم کر دی۔

نیدر لینڈز کا سمجھ میں آتا ہے کہ اس نے پاکستان پر ’احسان‘ کیا مگر پاکستان نے نیدرلینڈز پر کیا احسان کیا؟

جنوبی افریقہ کے خلاف جیت کر میدان سے باہر جاتے ہوئے نیدرلینڈز کے کپتان نے اسی میدان میں اترنے والے پاکستانی کپتان سے جاتے جاتے کہا تھا کہ ’اپنی جیت کو یقینی بنانا تاکہ ہم پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر آجائیں۔‘

نیدر لینڈز کے کپتان نے ایسا اس لیے کہا تھا کیوں کہ 2024 میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کھیلنے والی آٹھ ٹیموں کا فیصلہ اسی ورلڈ کپ کی 12 ٹیموں میں سے ہونا تھا۔

پاکستان نے بنگلہ دیش کا ہرایا جس کے بعد نیدرلینڈز پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر آ گیا۔ یعنی گروپ ٹو کی ان چار ٹیموں میں شامل ہو گیا جنہیں اگلا ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے کسی کوالیفائنگ راؤنڈ سے نہیں گزرنا پڑے گا۔

اب صورتحال کچھ یوں ہے کہ اگلے ورلڈ کپ کے لیے گروپ ون سے نیوزی لینڈ، انگلینڈ، آسٹریلیا اور سری لنکا نے کوالیفائی کر لیا ہے جبکہ گروپ ٹو سے پاکستان، انڈیا، جنوبی افریقہ اور نیدرلینڈز کو براہ راست رسائی مل گئی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

صرف پاکستان کو ہرانے والی زمبابوے کی ٹیم اپنا آخری گروپ میچ انڈیا سے ہار کر اگلے ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی نہیں کر پائی ہے۔

نیدر لینڈز نے ایک مگر اہم میچ جیت کر نہ صرف پاکستانی شائقین کی ورلڈ کپ میں دلچسپی بنائے رکھی بلکہ میمرز کے دل بھی جیت لیے۔

ٹوئٹر صارف ریحان اسلم نے لکھا: ’تمام تر غیر یقینی صورت حال اور ناامیدی کے باوجود ہم نے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ شاید یہ سب سے زیادہ غیرمتوقع سیمی فائنل ہے جو ہم کھیل رہے ہیں۔ معجزہ معجزہ۔‘

اطہر خالد نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے تحریر کیا: ’دور دور تک آثار نہ ہونے کے بعد سیمی فائنل تک رسائی۔ یقیناً معجزے ہوتے ہیں۔‘

قیصر توقیر ملک نے لکھا: ’یوں دی ہمیں سیمی فائنل تک رسائی کہ دنیا ہوئی حیران، اے نیدر لینڈز تیرا احسان ہے احسان۔‘

ٹوئٹر صارف شکیب نے لکھا کہ: ’میتھیو ہیڈن پاکستان کی فتح کے بعد: پاکستانی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میں جو پہنچا رہا ہے، وہی خدا ہے۔ ‘

سلمان مرزا نے انڈین فلم کے کلپ کے ذریعے پاکستان اور انڈیا کے درمیان ’ڈائیلاگ‘ شیئر کیا۔

ڈائیلاگ میں انڈیا پاکستان سے کہتا ہے ’زندہ ہی تھے تو یہ سب۔۔۔‘ جواب میں پاکستان جواب دیتا ہے ’میں موت کو چھو کر ٹَک سے واپس آ سکتا ہوں‘۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ