شاہین آفریدی پہلے دو اوورز میں ضرور کچھ کریں گے: بھائی

تیز بولر شاہین آفریدی کے بھائی کہتے ہیں کہ شاہین قومی ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور پوری قوم کو پتہ ہے کہ وہ پہلے دو اوورز میں کچھ کر کے دکھائیں گے۔

شاہین آفریدی کے بڑے بھائی ریاض آفریدی کہتے ہیں کہ شاہین شاہ نے انہیں فون پر کہا ’ انشاللہ بھائی ہم ٹرافی جیت کر آئیں گے۔‘

انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہم فائنل میں پہنچے۔ ’جب ہم دو میچ ہارے تھے تو سوشل میڈیا پہ لوگوں نے کہا تھا کہ پاکستان سیمی فائنل تک بھی نہیں پہنچے گا، لیکن الحمدللہ ہم کامیاب ہوئے۔‘

ریاض آفریدی کہتے ہیں ’ہماری ٹیم کی بیک بون شاہین ہے۔ وہ ہر ٹائم پہلی وکٹ دلا کر ٹیم کو بوسٹ اپ کرتا ہے۔ پوری قوم کو معلوم ہوتا ہے کہ شاہین پہلے دو اوورز میں کچھ کر کے دکھایں گے۔‘

ریاض آفریدی نے کہا کہ ’الحمدللہ شاہین نے اچھا کم بیک کیا اور بابر اور رضوان کی پارٹنر شپ بھی بہت اچھی رہی۔ ٹیم کا مورال بہت ہائی ہے، انشاللہ ہم کامیاب ہوں گے۔‘

شاہین شاہ آفریدی کی فٹنس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ’گھٹنے کی انجری جہاں تک ہے تو وہ گیم میں ہو جاتی ہے۔ وہ اب کافی حد تک صحت یاب ہو چکا ہے۔ آپ کے سامنے ہے جس طرح وہ پرفارم کر رہا ہے۔ فائنل میں اگر دو تین آؤٹ کر دے تو وہ ٹاپ بولر ہو گا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’شاہین ہر میچ سے پہلے مجھ سے بات کرتا ہے اور میں اسے یہی کہتا ہوں کہ جو تمہارا بیسٹ سے بیسٹ ہے وہ پرفارم کرو۔ شاہین سمیت پوری ٹیم کا مورال بہت ہائی تھا اور اس نے کہا ہے کہ انشاللہ بھائی ہم ٹرافی جیت کر آئیں گے۔‘

’سیمی فائنل میں جیت کے بعد شاہین بہت پرجوش تھا، اسے آرام کا موقع بھی ملا ہے۔ وہ دوستوں کے ساتھ باہر کھانے پر بھی گیا، انشاللہ وہ اب مکمل فارم میں ہو گا۔‘

انہوں نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم اگر جیتنا چاہتے ہیں تو انگلینڈ کے اوپنر کو جلدی آؤٹ کرنا ہو گا اور ٹوٹل سکور 160 پلس بنانا ہو گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہو گی فائنل میچ گھر والوں کے ساتھ ہی بیٹھ کر دیکھیں۔ ’امی ابو بھائی، سب ان کے لیے دعا کرتے ہیں، جس کے ساتھ ماں باپ کی دعا ہوتی ہے وہ کامیاب ہوتا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ