آئرلینڈ ویمن نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

پاکستان ویمن ٹیم کا باؤلنگ اٹیک آئرلینڈ کی بیٹنگ کے سامنے آج بےبس دکھائی دیا۔ ندا ڈار، ناشرہ سندھو اور غلام فاطمہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان اور آئرلینڈ کی خواتین کرکٹ میچ کے اختتام پر مہمان ٹیم کی ایک کھلاڑی (پی سی بی یوٹیوب سکرین گریب)

 

پاکستان کا دورہ کرنے والی آئرلینڈ کی مہمان ٹیم نے آج لاہور میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فیصلہ کن میچ میں پاکستان کو 34 رنز سے شکست دے دی۔

آئرلینڈ کے 167 کے جواب میں پاکستان ویمن ٹیم 18.5 اوورز میں 133 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان اور آئرلینڈ کی خواتین ٹیمیں بدھ کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں سیریز کے آخری میچ میں آمنے سامنے تھیں۔ دونوں کے درمیان اس میچ سے قبل سیریز 1-1 سے برابر تھی۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز سے قبل تین ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان ویمن ٹیم نے آئرلینڈ کو کلین سوئپ شکست دی تھی۔

آئرلینڈ کی باؤلر آرلین نے اپنے کیرئیر کی بہترین باولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں۔ مہمان ٹیم کی بلے باز گیبی لیوس کو میچ اور سیریز کی بہترین پلیئر کا اعزاز دیا گیا۔

پاکستان کا 168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ میں آغاز کوئی زیادہ اچھا نہیں تھا۔ سدرہ ڈار، جویریہ خان کے ساتھ اوپپنگ کرنے آئیں لیکن سدرہ جین میگوائر کی گیند پر چار رنز بنا کر جلدی آؤٹ ہوگئیں۔ وکٹ کیپر بلے باز منیبہ بھی 11 بالوں پر 11 رنز ہی بنا سکیں اور کیچ آؤٹ ہوئیں۔

عائشہ نسرین نے چھ گیند کھیل کر پانچ رنز بنائے اور بولڈ آؤٹ ہوئیں۔ نو اوورز تک پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 53 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کو آخری دو اوورز میں 36 رنز درکار تھے۔

جویریہ نے سات چوکوں کی مدد سے 50 سکور کیے لیکن اس کے فوراً بعد جین میگوائر کی بال کو وکٹوں پر مارنے کی وجہ سے بولڈ ہوگئیں۔ کپتان بسمہ معروف بھی چھ رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئیں۔ 

آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تین وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز کا بڑا پہاڑ بنایا۔ سب سے زیادہ سکور گیبی لیوس نے بنایا جو 71 ہے۔ ایمی ہنٹر 40 اور اورلا 37 رنز بنا سکیں۔

پاکستان ٹیم کی فیلڈنگ آج کوئی زیادہ اچھی نہیں رہی۔

پاکستان کا باؤلنگ اٹیک آئرلینڈ کی بیٹنگ کے سامنے آج بےبس دکھائی دیا۔ ندا ڈار، ناشرہ سندھو اور غلام فاطمہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

Lahore's Gaddafi Stadium turns pink as the players also wear pink ribbons for the third #PAKWvIREW T20I.#BackOurGirls pic.twitter.com/eu4L9BbbPH

آئرلینڈ ویمن نے اس اہم میچ کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں 3-0 سے شکست کھانے والی مہمان ٹیم نے مضبوط واپسی کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر پہلا ٹی 20 میچ جیت لیا تھا۔ دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے واپسی کرتے ہوئے ایک اوور باقی رہتے ہوئے چھ وکٹوں سے میچ جیت لیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے چھاتی کے سرطان کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے پنک ربن مہم کی حمایت کی وجہ سے بظاہر بدھ کے کھیل کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سلسلے میں دونوں ٹیموں کی کپتان، کھلاڑی، میچ آفیشلز اور کمنٹیٹرز نے میچ کے دوران گلابی ربن پہنے اور سٹیڈیم کے اندر آگاہی پیغامات آویزاں کیے گئے۔

میچ کے لیے داخلہ تماشائیوں کے لیے مفت تھا اور چار انکلوژرز عمران خان، راجاس، فضل محمود اور سعید انور عوام کے لیے کھلے تھے۔ بڑی تعداد میں تماشائی خصوصاً نوجوان لڑکیاں میدان میں موجود تھیں۔ پی سی بی نے شائقین کی حوصلہ افزائی بھی کی تھی کہ وہ بدھ کے میچ میں گلابی لباس پہنیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سیریز میں پاکستان کی جانب سے سٹار پرفارمر ندا ڈار رہی ہیں۔ سینیئر آل راؤنڈر نے 89 رنز بنائے ہیں جن میں پہلے میچ میں 69 رنز بھی شامل ہیں اور انہوں نے تین وکٹیں حاصل کی ہیں۔

دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں آل راؤنڈر کارکردگی پر ندا کو ’پلیئر آف دی میچ‘ قرار دیا گیا۔

یہ ان کا 10 واں پلیئر آف دی میچ ایوارڈ تھا جو کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کے لیے سب سے زیادہ تھا۔ انہوں نے بسمہ معروف کے نو اور جویریہ کے آٹھ پلیئر آف دی میچ ایوارڈز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

ٹیم:

آئرلینڈ ویمن سکواڈ: ایمی ہنٹر، گیبی لیوس، اورلا پرینڈرگاسٹ، لورا ڈیلنی (سی)، ایمیئر رچرڈسن، ربیکا سٹوکیل، آرلین کیلی، لوئیس لٹل، میری والڈرون (ڈبلیو)، کارا مرے، جین میگوائر، سوفی میک موہن، سیلسٹ ریک، لیہ پال اور شونا کاوناگ

پاکستان ویمن سکواڈ: جویریہ خان، منیبہ علی، بسمہ معروف، ندا ڈار، عائشہ نسیم، عالیہ ریاض، عمائمہ سہیل، فاطمہ ثنا، ایمن انور، نشرہ سندھو، غلام فاطمہ، کائنات امتیاز، سعدیہ اقبال، طوبہ حسن، صدف شمس اور سدرہ آمین

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ