یوٹیوب اور سپاٹی فائے نے سال 2022 کے پاکستان کے ٹاپ ٹین چارٹس کا اعلان کر دیا ہے، جن کے مطابق علی سیٹھی اور شائے گل کا گانا ’پسوڑی‘ دونوں پلیٹ فارمز پر چھایا رہا۔
دنیا بھر میں مقبول آن لائن آڈیو میوزک سٹریمنگ پورٹل سپاٹی فائے کی جاری کردہ فہرست کے مطابق کوک سٹوڈیو سیزن 14 کا گانا ’پسوڑی‘ 2022 میں پاکستان میں سب سے زیادہ سنا جانے والا گانا تھا۔
یوٹیوب کے ٹاپ چارٹس بھی کچھ ایسا ہی بتاتے ہیں۔ یوٹیوب کی 2022 کی ٹاپ میوزک ویڈیو بھی علی سیٹھی اور شائے گل کا گانا ’پسوڑی‘ ہی رہا، جس کے اب تک 450 ملین ویوز ہو چکے ہیں، اس گانے کو دنیا بھر میں پسند کیا گیا۔
یوٹیوب پر دوسرے نمبر پر کوک سٹوڈیو ہی کا گانا ’تو جھوم رہا‘۔ نصیبو لال اور عابدہ پروین کا یہ صوفی گانا 46 ملین ویوز حاصل کر چکا ہے۔ تیسرے نمبر پر گرسھو کا پنجابی گانا ’بم آ گیا رہا۔‘
سپاٹی فائے کی جانب سے جاری کردہ ٹاپ چارٹس کے مطابق پاکستان میں ’پسوڑی‘ کے بعد سب سے زیادہ سنا جانے والا پاکستانی گانا عبدالحنان اور رویلیو کا ’بکھرا‘ تھا، جب کہ تیسرے نمبر پر انہی دونوں گلوکاروں کا گانا ’ارادے‘ ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مجموعی طور پر پاکستان میں سب سے زیادہ سنا گیا گانا بھی علی سیٹھی اور شائے گل کا ’پسوڑی‘ ہی تھا۔ اے پی ڈھلوں اور گورند گل کا ایکسکیوزز اور عبدالحنان اور رویلیو کا بکھرے دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
آڈیو میوزک سٹریمنگ پورٹل کے ٹاپ چارٹ میں عاطف اسلم کو سب سے زیادہ سنا جانے والا مقامی گلوکار قرار دیا گیا ہے، جب کہ دوسرا اور تیسرا نمبر طلحہ انجم اور عبدالحنان کا ہے۔
سب سے زیادہ سنے جانے والے گلوکاروں میں غیر ملکی گلوکاروں میں اے پی ڈھلوں کا پہلا نمبر ہے جب کہ بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ اور پریتم دوسرے اور تیسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
سپاٹی فائی کی 2022 میں مقبول ترین پلے لسٹس ’دیسی ہٹس،‘ ’ہاٹ ہٹس پاکستان‘ اور ’پنجاب ایک سو ایک‘ رہیں۔
بات کی جائے یوٹیوب کی تو رواں برس کے ٹاپ چارٹس کے مطابق پاکستان میں مزاحیہ، تفریحی اور تخلیقی کانٹینٹ بھی انتہائی مقبول رہا۔
یوٹیوب کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق ڈرامے، فلمیں اور کوک سٹوڈیو ٹرینڈنگ میں چھائے رہے۔
ٹاپ 10 کنٹینٹ کری ایٹرز میں معاذ صفدر پہلے نمبر پر رہے۔ ’معاذ صفدر ورلڈ‘ کے نام سے بنے یوٹیوب چینل کے اس وقت 28 لاکھ کے قریب سبسکرائبر ہیں۔
معاذ صفدر سوشل میڈیا انفلوئنسر ہیں، وہ اپنے چینل پر روزمرہ زندگی سے متعلق ویڈیوز شیئر کرتے ہیں۔
دوسرے نمبر پر ’ڈکی بھائی‘ نامی یوٹیوب چینل دیکھا گیا، جس کے سبسکرائبرز چار ملین سے بھی زیادہ ہو چکے ہیں۔
’ڈکی بھائی‘ نے اپنے کیریئر کا آغاز ٹیکنالوجی سے متعلق ویڈیوز بنانے سے کیا تاہم بعد ازاں انہوں نے طنز و مزاح پر مبنی کانٹینٹ بنانا شروع کیا، جسے سوشل میڈیا صارفین کی طرف سے بہت پذیرائی سے نوازا گیا اور یوں ڈکی بھائی نے اپنا یوٹیوب چینل بنا کر سوشل میڈیا انفلوئنسر بننے کا سفر شروع کیا۔
تیسرے نمبر پر کھانے بنانے کی ترکیب سکھانے والے اعجاز انصاری کا یوٹیوب چینل رہا۔ اس چینل کے سبسکرائبر 48 لاکھ سے زائد ہو چکے ہیں۔ اعجاز انصاری کم خرچ میں مزیدار کھانے بنانے کی ترکیب بتاتے ہیں جنہیں یوٹویب صارفین کی جانب سے بہت سراہا جاتا ہے۔
2022 میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی یا ٹرینڈ کرنے والی ٹاپ 10 یوٹیوب ویڈیوز میں سے چار ڈراموں کی ہیں، جبکہ ایک ٹیلی فلم اور ایک فلم ہے۔
اس فہرست کے مطابق 2022 میں پاکستان میں سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو جیو ٹی وی کی ٹیلی فلم ’روپوش‘ ہے۔ اس ٹیلی فلم میں مرکزی کردار ہارون کادوانی اور کنزیٰ ہاشمی نے ادا کیے۔
دیگر کاسٹ میں محمود اسلم، صبا فیصل، حنا خواجہ بیات، سیفی حسن اور شبیر جان شامل تھے۔
دوسرے نمبر پر اے آر وائے کا ڈرامہ سیریل ’کیسی تیری خود غرضی‘ رہا، جس میں مرکزی کردار دانش تیمور، در فشاں اور نعمان اعجاز نے ادا کیے۔
تیسرے نمبر پر ڈرامہ سیریل ’سنگ ماہ‘ کی پہلی قسط رہی جس میں نعمان اعجاز اور کبریٰ خان کے ساتھ ساتھ عاطف اسلم جلوہ گر ہوئے۔
پاکستان میں سب سے زیادہ مقبول ہونے والا شارٹ ’how ridiculous‘ چینل کا ’پاور ٹولز ریسنگ از انٹینس‘ رہا، جس میں دو دوست آپس میں غبارے پھاڑنے کا مقابلہ کرتے ہیں۔
دوسرے نمبر پر ربیکا خان کے چینل کا شارٹ ’میری بہن میری جان میری کنول‘ اور تیسرے نمبر پر رومان خان کا شارٹ ’یہ کیا ہو گیا‘ رہا۔
گوگل کے پاکستان میں کنٹری ڈائریکٹر فرحان ایس قریشی کے مطابق پاکستان میں پانچ ہزار 400 سے زائد یوٹیوب چینل ہیں، جن میں سے 350 چینلز کے ایک ملین سے زائد سبسکرائبر ہیں۔
جاری کردہ پریس ریلیز میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی یوٹیوب چینلز میں بڑی تعداد ایسے چینلز کی ہے جو پاکستانی روپے کے حساب سے ایک ملین سے زیادہ آمدنی حاصل کر رہے ہیں جو کہ 2021 کے مقابلے میں ایک سو دس فی صد زیادہ ہے۔