گمراہ کن ٹریلر پر فلم شائقین کو مقدمے کا حق حاصل

امریکہ میں دائر مقدمے کے مطابق یونیورسل پکچرز نے 2019 کی فلم ’یسٹرڈے‘ کے ٹریلر کے ذریعے شائقین کو یہ امید دلائی تھی کہ اداکارہ اینا ڈی آرماس کا فلم میں کردار نمایاں طور پر دکھایا جائے گا، تاہم ایسا نہ ہوا۔

مقدمے کے مطابق ٹریلر کے ذریعے شائقین کو یہ امید دلائی گئی تھی کہ اداکارہ اینا ڈی آرماس کا فلم ’یسٹرڈے‘ میں کردار نمایاں طور پر دکھایا جائے گا (پبلسٹی فوٹو/ یونیورسل)

امریکہ میں فلم شائقین کی جانب سے ایک سٹوڈیو پر دھوکہ دہی کے مقدمہ کی سماعت کرنے والے جج نے فیصلہ دیا ہے کہ سٹوڈیو کو جھوٹے اور گمراہ کن ٹریلر چلانے پر مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سان ڈیاگو سے تعلق رکھنے والے 45 سالہ پیٹر مائیکل روزا اور میری لینڈ کے 39 سالہ کونور وولف نے دائر کیے گئے مقدمے میں موقف اختیار کیا تھا کہ یونیورسل پکچرز نے انہیں 2019 کی فلم ’یسٹرڈے‘ دکھانے کے لیے دھوکہ دیا کیوں کہ ٹریلر میں اداکارہ اینا ڈی آرماس  کو دکھایا گیا تھا۔

درخواست گزاروں کے مطابق سٹریمنگ ویب سائٹ ’ایمازون پرائم‘ پر رچرڈ کرٹس کی کامیڈی فلم دیکھنے کے لیے ہر ایک کو 3.99 ڈالر سے زیادہ خرچ کرنا پڑے لیکن فلم میں سے اینا ڈی آرماس کو ہی نکال دیا گیا۔

رواں سال دائر کیے گئے اس منفرد مقدمے میں الزام لگایا گیا ہے کہ شائقین کو یہ امید دلائی گئی تھی کہ کیوبا سے تعلق رکھنے والی اداکارہ اینا ڈی آرماس کا اس فلم میں کردار نمایاں طور پر دکھایا جائے گا تاہم انہیں فلم میں سٹار اداکارہ کی شکل تک ںظر نہیں آئی۔

مقدمے کے مطابق: ’صارفین کو ٹکٹ کی خریداری پر مطلوبہ مواد فراہم نہیں کیا گیا۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دوسری جانب یونیورسل سٹوڈیو نے امریکی ڈسٹرکٹ جج سٹیفن ولسن سے اس شکایت کو مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے یہ دلیل پیش کی کہ فلم کے ٹریلرز کو امریکی آئین کی پہلی ترمیم، جو آزادی اظہار کی ضمانت دیتی ہے، کے تحت تحفظ حاصل ہے۔

لیکن جمعرات کو سنائے گئے اپنے فیصلے میں جج ولسن نے سٹوڈیو کی دلیل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ٹریلر تجارتی مواد ہے اور یہ ایمان دارانہ تشہیر سے متعلق قوانین کے تحت آتے ہیں۔

جج نے اپنے فیصلے میں لکھا: ’بنیادی طور پر ٹریلر ایک اشتہار ہے جو صارفین کو فلم کا پیش منظر فراہم کرکے فلم فروخت کرنے کے لیے ڈیزائن کیا جاتا ہے۔‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے یونیورسل سٹوڈیو کے ترجمان سے بات کرنے کی کوشش کی ہے تاہم انہیں کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔

مقدمے میں مایوس فلم بینوں کی جانب سے کم از کم 50 لاکھ ڈالر کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

دونوں فریقین کے وکلا تین اپریل 2023 کو کیس کے لیے دوبارہ پیش ہوں گے۔

ڈینی بوئل کی فلم ’یسٹرڈے‘ ایک موسیقار کی کہانی بیان کرتی ہے جس میں مرکزی کردار ہمیش پٹیل نے ادا کیا ہے۔

34 سالہ اینا ڈی آرمس کو ابتدا میں فلم میں کاسٹ کیا گیا تھا اور وہ اس فلم کے ٹریلر اور کچھ اشتہارات میں نظر آئیں لیکن مقدمے کے مطابق ان کا کردار فائنل ورژن سے نکال دیا گیا۔

زیادہ پڑھی جانے والی فلم