متحدہ عرب امارات کی پاکستانیوں پر ویزا پابندی کی تردید

قونصل جنرل یو اے ای خيت الرميثي نے بتایا کہ اسلام آباد اور لاہور کے علاوہ کراچی قونصلیٹ سے بھی ان شہروں کی پیدائش رکھنے والے یا رہائشی پاکستانی بھائیوں کے وہ خود ویزے لگا کر دے رہے ہیں۔

قونصل جنرل امارات نے ویزے پر پابندی کی خبروں کو ’فیک نیوز‘ قرار دیا ہے۔ دبئی ایئرپورٹ کا ٹرمینل 3 (اے ایف پی)

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے کراچی میں تعینات قونصل جنرل نے پاکستانیوں کے لیے یو اے ای کی ویزا پابندی کو ’فیک نیوز‘ قرار دیتے ہوئے اس کی تردید کی ہے۔

پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت حانے سے منسلک ترجمان فرخ حسین نے انڈیپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں بتایا کہ اس معاملے پر متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل کراچی بخیت عتیق الرمیثی نے افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یو اے ای حکومت نے کسی شہر، زبان یا مسلک کی بنیاد پر کوئی پابندی نہیں لگائی یہ سب پروپیگنڈا اور افواہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’جب جب پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات بہتری کی طرف جا رہے ہوتے ہیں تو اس طرح کی افواہیں پھیلنا شروع ہو جاتی ہیں، ان اطلاعات میں کوئی صداقت نہیں۔ پاکستان کے کسی شہری پر یو اے ای کے ویزے کے حصول کی پابندی نہیں، قونصل جنرل امارات نے پاکستان کے بیشتر شہروں میں پیدا ہونے والے شہریوں کے لیے یو اے ای ویزا کی پابندی کی اطلاعات کو ’فیک نیوز‘ قرار دیا ہے۔‘

ترجمان کا کہنا ہے کہ ’پاکستان کے شہری بلاتفریق متحدہ عرب امارات کے وزٹ یا دیگر کسی بھی ویزا کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں اور انہیں ویزے دیے جا رہے ہیں۔‘ انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد اور لاہور کے علاوہ کراچی قونصلیٹ سے بھی ان شہروں کی پیدائش رکھنے والے یا رہائشی پاکستانی بھائیوں کے وہ خود ویزے لگا کر دے رہے ہیں۔‘ 

پاکستانی دفتر خارجہ کا ردعمل

پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ نے پیر جاری کیے جانے والے بیان میں کہا ہے کہ ’ہم نے رپورٹیں دیکھی ہیں۔ ہم اس بات کی تصدیق کر سکتے ہیں کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستانی شہریوں کو ویزا جاری کرنے پر ایسی کوئی پابندی نہیں ہے۔‘

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہیں

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اس طرح کی افواہیں گردش کر رہی تھیں جن میں کہا جا رہا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے مختلف شہروں کے شہریوں کے لیے سیاحتی ویزے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک پوسٹر میں ہنزہ، پارا چنار، کوٹلی آزاد کشمیر، اسکردو، باجوڑ ایجنسی، مہمند ایجنسی، کرم ایجنسی، ایبٹ آباد، ڈیرہ اسماعیل خان، ہنگو، چکوال، کوہاٹ، شیخو پورہ، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، اٹک، خوشاب، مظفر گڑھ، ساہیوال، قصور، سکھر لاڑکانہ، نواب شاہ، اور کوئٹہ جیسے شہروں کے بارے میں کہا جارہا تھا کہ ان شہروں کے رہائشیوں کے لیے یو اے ای کے ویزے بند کر دیے گئے ہیں۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان