رن مرید ٹی سٹال: ’لوگ مذاق اڑاتے ہیں مگر چائے پی کر جاتے ہیں‘

پنجاب کے ضلع کوٹ ادو میں اس منفرد نام سے چائے کا سٹال چلانے والے وقاص کا کہنا ہے: ’رن مرید سب ہوتے ہیں لیکن چھپاتے ہیں مگر ہم سر عام کہتے ہیں۔‘

جنوبی پنجاب کے ضلع کوٹ ادو میں ’رن مرید ٹی سٹال اور سیکنڈ وائف ڈرنک کارنر‘ کے مالک وقاص اس منفرد نام کی بہت دلچسپ وجہ بتاتے ہیں۔

انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں وقاص نے بتایا: ’رن مریدی ہمیں وراثت میں ملی ہے۔ میرے پردادا، دادا اور پھر میرے والد بھی رن مرید ہیں اور میں بھی رن مرید ہوں۔‘

اس منفرد نام سے چائے کا سٹال چلانے والے وقاص کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے ہوٹل کا نام اپنی بیوی کے کہنے پر رکھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے بتایا: ’گھر کے کام کاج کرتا تھا تو بیگم نے مشورہ دیا کہ میرے نام سے کوئی کاروبار کر لو، تو بیگم کی محبت میں اپنے ٹی سٹال کا نام رن مرید رکھ دیا۔ دوسرے شہروں سے بھی لوگ صرف اسی نام کی وجہ سے چائے پینے آتے ہیں۔‘

وقاص کے خیال میں رن مرید نام رکھنے سے ان کا کاروبار چمک اٹھا ہے، لیکن لوگ طنز کرنا نہیں بھولتے۔

بقول وقاص: ’میں چرسی چائے، قلندری چائے اور گُڑ والی چائے بناتا ہوں، لوگ شوق سے پینے آتے ہیں۔ رن مرید ٹی سٹال پر لوگ آتے ہیں، طنز بھی کرتے ہیں، مذاق بھی اڑاتے ہیں لیکن چائے پی کر جاتے ہیں۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’رن مرید سب ہوتے ہیں لیکن چھپاتے ہیں مگر ہم سر عام کہتے ہیں۔‘

وقاص نے مزید بتایا: ’میرے اس نام کی وجہ سے دوسرے شہروں سے بھی لوگ یہاں آتے ہیں۔ ساتھ ہی میرے کام میں بھی کافی اضافہ ہوا ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی میری کہانی