انڈیا: تیندوے نے عدالت میں حملہ کر کے نو افراد کو زخمی کر دیا

ویڈیو میں لوگوں کو عدالت کے اندر پناہ لیتے دیکھا جا سکتا ہے جب کہ تیندوا دروازے کے باہر غراتا رہا۔

انڈیا کے ڈاچی گام نیشنل پارک میں ایک تیندوا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

نئی دہلی کے قریب ایک ضلعی عدالت میں ایک بالغ تیندوے کے حملے سے کم از کم نو افراد زخمی ہو گئے جس کے بعد محکمہ جنگلات کے عہدیداروں نے چار گھنٹے تک جاری رہنے والے ڈرامائی ریسکیو آپریشن کے نتیجے میں تیندوے کو پکڑ لیا۔

انڈین روزنامہ ’ہندوستان ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق نر تیندوے کی عمر تقریباً سات یا آٹھ سال بتائی جاتی ہے اور شبہ ہے کہ وہ منگل کو غازی آباد ڈسٹرکٹ کورٹ کی عمارت میں داخل ہوا تھا لیکن بدھ کو اسے مصروف راہداریوں میں دیکھا گیا۔

اس درندے کے حملے کا نشانہ بننے والے تین بھائیوں نے بتایا کہ وہ دوسری منزل پر انتظار کر رہے تھے کہ انہوں نے تیندوے کو اپنے سامنے دیکھا۔

زخمی ہونے والے مدعی تنویر احمد نے کہا، ’ہم دنگ رہ گئے۔ اس نے ہم تینوں پر حملہ کیا اور سیڑھیوں سے نیچے بھاگ گیا۔‘

انہوں نے بتایا کہ تیندوے کو بےہوش کرنے والی بندوقوں سے گولی مارنے کے بعد پکڑا گیا اور وائلڈ لائف حکام نے رات تقریباً آٹھ بج کر15 منٹ پر قابو پا لیا تھا۔

وائلڈ لائف حکام نے بتایا کہ اس تیندوے کو  بھی کئی چوٹیں آئیں جن کا علاج محکمہ جنگلات کے جانوروں کے ڈاکٹر اینٹی بائیوٹکس اور ملٹی وٹامنز کے ساتھ کر رہے ہیں۔

حکام کے مطابق تیندوے کو بعد میں انسانی بستیوں سے دور مناسب جگہ چھوڑ دیا جائے گا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

غازی آباد کی عدالت کے انتظامی افسر نے بتایا کہ تیندوے نے عمارت کی مختلف منزلوں پر لوگوں پر حملہ کیا، جس کے بعد وہ ضلعی جج کی عدالت کے باہر چلا گیا اور کھڑکی کا شیشہ توڑ دیا۔

حملے میں زخمی ہونے والے متعدد افراد نے بتایا کہ انہوں نے تیندوے سے پہلے کچھ بندروں کو شور مچاتے سنا، جنہوں نے لوگوں پر حملہ کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور ان کی حالت ٹھیک ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس واقعے کی ویڈیوز میں درجنوں افراد کو عدالت کے ایک کمرے میں پناہ لیتے اور لوہے کے دروازے کے بالکل باہر تیندوے کو غراتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ایک اور ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک وکیل حملے کے بعد زخمی ہوا اور اس کی گردن کے نیچے سے بہت زیادہ خون بہہ رہا تھا، جبکہ اس کے آس پاس موجود دیگر وکلا اسے طبی امداد کے لیے لے جا رہے تھے۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق تیندوے نے چار مدعی، ایک پولیس کانسٹیبل اور ایک جوتا پالش کرنے والے پر بھی حملہ کیا۔

© The Independent

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا