پی ایس ایل افتتاح:’پی سی بی کی کوئی بجلی کاٹ گیا ہے کیا؟‘

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب پر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کیے جانے لگے۔

پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب پہلی بار ملتان میں منعقد کی گئی (پی سی بی)

ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں رنگا رنگ تقریب اور شاندار آتش بازی سے پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں سیزن کا آغاز ہو گیا ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز جنوبی پنجاب کے شہر ملتان سے ہوا ہے۔

افتتاحی تقریب کے آغاز میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے تقریب کے ’کامیاب‘ انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا، جس کے بعد گلوکاروں کی پرفارمنس کی باری آئی۔

سب سے پہلے گلوکار ساحر علی بگا اور آئمہ بیگ نے پرفارم کیا تو ساحر علی بگا کے گانے میں جب ’پاکستان زندہ باد‘ کے بول آئے تو ملتان سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔

جس کے بعد گذشتہ برس کے پی ایس ایل اینتھم کی دھن پر ڈانس پرفارمنس پیش کی گئی۔ اب باری آئی پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کا ترانہ گانے والے گلوکاروں کی۔

شائے گل، عاصم اظہر اور میشا شفیع نے سٹیج پر آ کر پی ایس ایل 8 کا ترانہ گایا اور محفل کو چار چاند لگا دیے۔

گلوکاروں کی پرفارمنسز کے بعد سٹیڈیم اندھیرے میں ڈوب گیا اور پھر چکا چوند کر دینے والی آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب پر سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصرے کیے جانے لگے۔

راشد قریشی نامی ٹوئٹر صارف نے ملتان سٹیڈیم میں آتش بازی سے قبل کیے گئے مکمل اندھیرے پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا: ’یہ پی سی بی کی کوئی بجلی کاٹ گیا ہے کیا؟‘

ایک اور ٹوئٹر صارف نے آتش بازی کے مظاہرے پر کہا: ’یار اتنی آتش بازی، سٹیڈیم کو آگ لگانی ہے کیا؟‘

عدنان خالد نے بھی آتش بازی کو ہی تبصرے کا موضوع بناتے ہوئے تحریر کیا کہ ’اتنی آتش بازی تو ملتان میں گیلانی کے وزیراعظم بننے پر نہیں ہوئی تھی۔‘

ٹوئٹر صارف یاسر کو ڈانسرز کا لباس پسند نہیں آیا، انہوں نے لکھا: ’پی ایس ایل 2023 کی تقریب میں ڈانسرز کا لباس بہت عجیب ہے۔‘

سیف ملک نامی ٹوئٹر صارف نے پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اور پاکستان کے معاشی حالات کے بارے میں آئی ایم ایف کی جانب سے مزاحیہ تبصرہ کرتے ہوئے لکھا: ’آئی ایم ایف پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب دیکھنے کے بعد: یہ تو کہتے تھے ہم مر رہے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ