کراچی: کثیرالمنزلہ عمارت میں آتشزدگی، ایک شخص چل بسا

ابتدائی معلومات کے مطابق آگ عمارت کے چھٹے فلور پر شاٹ سرکٹ کے باعث لگی، جس پر اب مکمل طور پر قابو پالیا گیا ہے جبکہ تین افراد کو بے ہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

فلاحی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کے مطابق کراچی کے علاقے نیو چارلی کی جنریٹر مارکیٹ میں واقع کثیر المنزلہ عمارت میں ہفتے کو لگنے والی آگ کے نتیجے میں ایک شخص چل بسا جبکہ تین افراد کو بے ہوشی کی حالت میں طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب آگ پر قابو پا لیا گیا۔

ایدھی آپریشن سینٹر کے انچارج سلمان نصیر نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ آگ 10 منزلہ عمارت کے چھٹے فلور پر شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، جو بعد میں دسویں منزل تک پہنچ گئی۔ 

سلمان نصیر نے بتایا کہ واقعے کے دوران 46 سالہ علی اصغر جھلس کر چل بسے جبکہ تین افراد کو نیم بے ہوشی کی حالت میں سول ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید بتایا کہ اس کثیرالمنزلہ عمارت میں مختلف دفاتر واقع ہیں، تاہم عمارت میں پھنسے 43 لوگوں کو محفوظ طریقے سے باہر نکال لیا گیا۔

سلمان نصیر کے مطابق: ’آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا ہے اور عمارت کی کولنگ کا کام کیا جارہا ہے، جبکہ عمارت کی دوبارہ سے چیکنگ بھی کی جا رہی ہے کہ کوئی اندر پھنسا ہوا تو نہیں ہے، کیونکہ آتشزدگی کے دوران اگر کوئی شخص 60 سیکنڈ تک دھویں میں پھنسا رہے تو وہ بے ہوش ہوجاتا ہے۔‘

دوسری جانب چیف فائر آفیسر اشتیاق احمد نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آگ پر قابو پانے کے لیے آپریشن میں 10 فائر ٹینڈز، ایک سنارکل اور ایک باؤزر نے حصہ لیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فائر بریگیڈ کا عملہ شیشے توڑ کر عمارت میں داخل ہونے میں کامیاب ہوا اور آگ پر مکمل قابو پالیا گیا، اب عمارت میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔

اشتیاق احمد کے مطابق ابتدائی طور پر یہ اندازہ لگایا جارہا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان