میں پانچ نمبر سے خوش نہیں، چاہتا ہوں کہ چار پر کھیلوں: محمد رضوان

محمد رضوان کا کہنا ہے کہ ’میں چاہتا ہوں کہ میں چوتھے نمبر پر کھیلوں لیکن مگر یہ ضروری نہیں کہ جو میں چاہوں وہ مجھے ملے۔‘

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا کہنا ہے کہ انہیں ذاتی طور پر بیٹنگ آرڈر میں پانچویں نمبر پر کھیلنا پسند نہیں ہے لیکن یہ کوچ اور کپتان کا فیصلہ ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف جاری ون ڈے میچوں کی سیریز کے تیسرے میچ سے قبل پیر کو محمد رضوان نے کراچی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’وہ ذاتی طور پر پانچویں نمبر سے خوش نہیں ہیں۔‘

محمد رضوان سے پریس کانفرنس کے دوران ان کے بیٹنگ آرڈر سے متعلق سوال کیا گیا جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ چوتھے نمبر پر کھیلنا پسند کرتے ہیں۔

’میں چاہتا ہوں کہ میں چوتھے نمبر پر کھیلوں لیکن مگر یہ ضروری نہیں کہ جو میں چاہوں وہ مجھے ملے۔‘

انہوں نے کہا کہ کپتان اور کوچ کو جو چیز پسند آتی ہے وہ وہی کریں گے۔

پاکستان ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بابر اعظم کے ہمراہ بطور اوپنر کھیلتے ہیں جبکہ ون ڈے ٹیم میں اس وقت وہ پانچویں نمبر پر کھیل رہے ہیں۔

اپریل 2015 میں اپنے ون ڈے انٹرنیشنل کریئر کا آغاز کرنے والے محمد رضوان اب تک 54 میچوں میں 1343 رنز سکور کر چکے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ انہوں نے اب تک ون ڈے کرکٹ میں دو سینچریاں سکور کی ہیں اور یہ دونوں سینچریاں انہوں نے چوتھے نمبر پر کھیلتے ہوئے ہی سکور کیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس کے علاوہ ان کے کریئر کی نو نصف سینچریوں میں سے پانچ چوتھے نمبر پر کھیلتے ہوئے ہی سکور ہوئی ہیں۔

اگر ڈومیسٹک کرکٹ کی بات کی جائے تو محمد رضوان چوتھے نمبر پر ہی کھیلتے آئے ہیں۔

اسی سے متعلق پیر کو ہونے والی پریس کانفرنس میں متعدد صحافیوں نے محمد رضوان سے ان کے بیٹنگ آرڈر سے متعلق سوالات ہی کیے۔

محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ’یہ ضروری نہیں کہ مجھے نمبر چار ہی ملے۔ میں نے آج تک کسی سے شکوہ کیا نہ ہی گلا کیا ہے اور نہ ہی میں یہ چاہتا ہوں۔کپتان اور کوچ کو جو چیز اچھی لگتی ہے وہ وہی کر رہے ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہمیشہ سے قربانی کر رہے ہیں، پندرہ، سولہ سالوں سے کر رہے ہیں۔ ابھی بھی کسی سے نہ شکوہ کر رہے ہیں نہ گلا کر رہے ہیں۔ کپتان اور کوچ کے لیے حاضر ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ