تین پاکستانی کوہ پیماؤں نے ایک ہی دن ماؤنٹ ایورسٹ سر کر لی

الپائن کلب پاکستان کے مطابق 14 مئی کا دن پاکستانی کوہ پیماؤں کے لیے کافی خاص رہا ہے کیونکہ اس دن تین پاکستانیوں نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

نائلہ کیانی، نادیہ آزاد اور ساجد علی سدپارہ نے 14 مئی 2023 کو ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا کارنامہ سرانجام دیا (تصاویر: الپاین کلب/نائلہ کیانی فیس بک پیج)

الپائن کلب پاکستان کے مطابق 14 مئی کا دن پاکستانی کوہ پیماؤں کے لیے کافی خاص رہا ہے کیونکہ اس دن تین پاکستانیوں نے دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

ان پاکستانی کوہ پیماؤں میں ساجد علی سدپارہ، نائلہ کیانی اور پاکستانی نژاد برطانوی کوہ پیما نادیہ آزاد شامل ہیں۔

الپائن کلب پاکستان کے سیکریٹری کرار حیدری کے مطابق ساجد علی سدپارہ نے اتوار کو آکسیجن اور کسی شیرپا کی مدد کے بغیر نیپال میں ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کا کارنامہ سرانجام دیا۔

ان کے مطابق ساجد علی سدپارہ یہ کارنامہ اتوار 14 مئی کو سرانجام دینے کے بعد واپس اتر رہے ہیں۔

اس سے قبل اتوار ہی کو پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی نے نیپال میں واقع دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ وہ 2023 میں ایورسٹ کو سر کرنے والی پہلی غیر نیپالی کوہ پیما بن گئی ہیں۔

ایورسٹ ٹوڈے نے ٹویٹ کے ذریعے ان کے ایورسٹ سر کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان کی نائلہ کیانی نے نیپالی پاسنگ تیمبا شیرپا کے ساتھ آج صبح 8 ہزار 848 میٹر بلند ماؤنٹ ایورسٹ کو کامیابی سے سر کر لیا ہے۔‘

نائلہ کیانی کے آفیشل  فیس بک  اکاؤنٹ سے جاری بیان میں ان کو اس کامیابی پر مبارک باد پیش کی گئی اور کہا گیا کہ ’آپ کی لگن، طاقت اور استقامت واقعی متاثر کن ہے۔ آپ پاکستان میں سب سے زیادہ آٹھ ہزار میٹر بلند چوٹیاں سر کرنے والی خاتون ہیں، ہمیں آپ پر فخر ہے اور آپ کی بحفاظت واپسی کے لیے دعا گو ہیں۔‘ 

 

چار روز قبل نائلہ کیانی نے فیس بک پر ایورسٹ بیس کیمپ سے اپنے پاکستانی خاتون ہونے کا جشن مناتے ہوئے روایتی سرخ رنگ کے لباس میں تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔ 

انہوں نے لکھا تھا: ’میرے نزدیک چوٹی کا سفر صرف چوٹی تک پہنچنے سے کہیں زیادہ ہے،  یہ رکاوٹوں کو توڑنے اور حدود سے آگے بڑھنے کا ایک طریقہ ہے۔ ایک پاکستانی خاتون کے طور پر، مجھے ایک ایسی تحریک کا حصہ بننے کا اعزاز حاصل ہے جو جمود کو چیلنج کر رہی ہے اور بیانیے کو تبدیل کر رہی ہے۔‘ 

 

نائلہ کیانی کے پاس آٹھ ہزار 91 میٹر سطح سمندر سے بلند انا پورنا چوٹی سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ہونے کا اعزاز بھی ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے 2021 میں آٹھ ہزار 35 فٹ اونچائی والی گیشربرم دوئم کی چوٹی بھی سر کی تھی اور جولائی 2022 میں آٹھ ہزار 68 میٹر بلند  گیشر برم اول اور کے ٹو کو بھی سر کیا تھا۔ 

دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کو سر کرنے والی وہ دوسری پاکستانی خاتون ہیں کیونکہ اس سے قبل ثمینہ بیگ پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما کا یہ اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔ 

نائلہ دبئی میں مقیم پاکستانی بینکر اور دو بیٹیوں کی والدہ ہیں، جو 8000 میٹر سے زیادہ کی چار چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بھی ہیں۔

وہ منظر عام پر تب آئیں جب 2018 میں کے ٹو بیس کیمپ میں ان کی شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں۔ 

کوہ پیمائی کے علاوہ وہ باکسنگ کا بھی شوق رکھتی ہیں۔ 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان