پاکستان کو انڈیا میں ورلڈ کپ کھیلنے جانا چاہیے: وہاب ریاض

انڈپینڈنٹ اردو کو دیے جانے والے انٹرویو میں وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ یہ بات غیر حقیقت پسندانہ ہے کہ اگر انڈیا ایشیا کپ کھیلنے پاکستان نہیں آتا تو پاکستان بھی انڈیا ورلڈ کپ نہ کھیلنے جائے۔

پاکستانی فاسٹ بولر اور صوبہ پنجاب کے نگران وزیر کھیل پنجاب وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ورلڈ کپ کھیلنے انڈیا جانا چاہیے۔

انڈپینڈںٹ اردو کو دیے جانے والے انٹرویو میں وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ’یہ بات غیر حقیقت پسندانہ ہے کہ اگر انڈیا ایشیا کپ کھیلنے پاکستان نہیں آتا تو پاکستان بھی انڈیا ورلڈ کپ نہ کھیلنے جائے۔‘

فاسٹ بولر وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ ’ایشیا کپ اور ورلڈ کپ میں بہت فرق ہے۔‘

ان کے مطابق ’ورلڈ کپ میں دنیا کے چیمپئن بنتے ہیں جبکہ ایشیا کپ میں صرف ایشیا کے چیمپئن ہوتے ہیں۔‘

ایشیا کپ سے متعلق پنجاب کی سکیورٹی کے بارے میں سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ’ابھی پاکستان سے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سیریز کھیل کر گئے ہیں اور یہاں پر سکیورٹی کے اعتبار سے کوئی مسئلہ نہیں ہے۔‘

ایشیا کپ کے ہائبرڈ ماڈل سے اتفاق کرتے ہوئے وہاب ریاض کی رائے تھی کہ ’ایسی صورت میں کچھ میچز تو پاکستان میں کھیلے جا سکیں گے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اپنی وزارت سے متعلق وہاب ریاض کا کہنا تھا: ’شروع میں یہ تھوڑا عجیب لگ رہا تھا مگر اب اس کی عادت ہو گئی ہے۔‘

ان کے مطابق ’زیادہ تر اب لیگز کا حصہ ہوتا ہوں اس لیے اس کام کے لیے وقت تھا۔‘

وہاب ریاض کا سیاست سے متعلق کہنا تھا کہ ’سیاست میں آنے کا ان کا کوئی ارادہ نہیں۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ آپ کو بابر اعظم اور سرفراز احمد میں سے کس کی کپتانی پسند ہے تو انہوں نے سرفراز احمد کا انتخاب کیا جبکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں عماد وسیم اور محمد نواز میں سے ٹیم کے لیے ان کا انتخاب عماد وسیم تھے۔

وہاب ریاض نے انڈیا میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے ٹیم میں واپسی کے لیے خواہش کا اظہار بھی کیا۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ