محمد رضوان کی نماز کی ویڈیو پر سوشل میڈیا کا ملاجلا ردعمل

صارفین کی ایک بڑی تعداد محمد رضوان کی تعریف کر رہے ہیں اور ان سے محبت کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ اس ویڈیو کو لے کر منفی باتیں کرنے والوں کے سامنے محمد رضوان کا دفاع بھی کر رہے ہیں۔

محمد رضوان ان دنوں کپتان بابر اعظم کے ہمراہ ہارورڈ یونیورسٹی سے بزنس انٹرٹینمنٹ اور سپورٹس کا کورس کرنے کی غرض سے امریکہ میں موجود ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان آئے دن کسی نہ کسی وجہ سے سوشل میڈیا پر چھائے رہتے ہیں۔ اب چاہے وہ ان کا بیٹنگ آرڈر پر شکوہ ہو یا پھر کسی میچ کے دوران دوسرے کھلاڑیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ہو۔

اب کی بار ان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں وہ نیو یارک کی ایک سڑک کنارے نماز ادا کر رہے ہیں۔

محمد رضوان ان دنوں کپتان بابر اعظم کے ہمراہ ہارورڈ یونیورسٹی سے بزنس انٹرٹینمنٹ اور سپورٹس کا کورس کرنے کی غرض سے امریکہ میں موجود ہیں۔

اس حوالے سے محمد رضوان اور بابر اعظم کی کئی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر پہلے سے ہی گردش کر رہی ہیں لیکن محمد رضوان کی نماز ادا کرتے بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے اور محمد رضوان کا نام اس وقت ٹاپ ٹرینڈز میں دکھائی دے رہا ہے۔

اس ویڈیو کے حوالے سے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آ رہا ہے۔

صارفین کی ایک بڑی تعداد محمد رضوان کی تعریف کر رہے ہیں اور ان سے محبت کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ اس ویڈیو کو لے کر منفی باتیں کرنے والوں کے سامنے محمد رضوان کا دفاع بھی کر رہے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا: ’لوو، لوو، لوو۔۔ کیسے رضوان کی ایک سادہ سی ویڈیو (جو کسی اور نے بنائی ہے) ان لوگوں کو آگ بگولا کر دیا ہے۔‘

اسی طرح ایک اور صارف نے لکھا کہ ’یہ میرے لیے باعث فخر ہے کہ یہ (رضوان) میرے ملک کے لیے کھیلتا ہے۔ یہ ہر سچے مسلمان کے لیے ایک مثال ہیں۔‘

سوشل میڈیا پر محمد رضوان کے نام سے چلنے والے ٹرینڈ میں ایک صارف نے لکھا کہ ’بہت سے لوگوں کو سڑک پر نماز ادا کرنے پر رضوان پر تنقید کرتے دیکھا۔ اس کی سمجھ نہیں آتی۔ یہ اللہ اور ان کا معاملہ ہے۔‘

دوسری جانب محمد رضوان پر تنقید کرنے والوں کا اعتراض ہے کہ ’کیا نیو یارک میں کوئی مسجد نہیں تھی جو محمد رضوان نے سڑک پر نماز ادا کی۔‘

محمد رضوان نے تاحال اس ویڈیو سے متعلق کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ