حج سیزن سے قبل غلاف کعبہ کو اونچا کردیا گیا

غلاف کعبہ کو تقریباً تین میٹر اونچا کرکے نیچے والے حصے کو سفید سوتی کپڑے سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔

حرمین شریفین کے نگران ادارے کی جانب سے روایت کے مطابق حج سیزن برائے 2023 کے آغاز پر غلاف کعبہ (کسوہ) کو اونچا کر دیا گیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق غلاف کعبہ کو تقریباً تین میٹر اونچا کرکے نیچے والے حصے کو سفید سوتی کپڑے سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔

کسوہ کو اونچا کرنے کا یہ کام مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمٰن السدیس کی زیر نگرانی کیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

غلاف کعبہ کو رمضان المبارک اور حج سیزن کے دوران حفاظت کی غرض سے اوپر اٹھایا جاتا ہے۔

 حرم انتظامیہ کے مطابق دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں عمرہ زائرین اور عازمین حج ان دنوں میں مکہ مکرمہ آتے ہیں، جن کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ غلاف کو ہاتھ لگائیں اور اسے چومیں جس کی وجہ سے غلاف میلا ہو جاتا ہے۔

اسی طرح بعض لوگ تبرک کے طور پر غلاف کعبہ کا کچھ حصہ حاصل کرنے کے لیے اسے بلیڈ یا قینچی سے کاٹ لیتے ہیں، اس لیے غلاف کو ان مواقعوں  پر بلند کردیا جاتا ہے۔

ہر سال ذوالحجہ کی نویں تاریخ کو غلاف کعبہ تبدیل کیا جاتا ہے۔

کنگ عبدالعزیز کمپلیکس برائے غلاف کعبہ، نمائشوں، انجینیئرنگ، تکنیکی اور آپریشنل امور کے صدر جنرل کے معاون سلطان القریشی نے کہا کہ ’کسوہ کے نچلے حصے کو اٹھانے سے اس کی صفائی برقرار رہتی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ کسوہ کو کچھ حجاج کرام کے ’غلط عقائد پر مبنی‘ طریقوں کو روکنے کے لیے بھی اٹھایا جاتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا