حج کے لیے پیدل مکہ پہنچنے والے پاکستانی کو حج ویزہ مل گیا

اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے عثمان ارشد نے چھ ماہ قبل عمرے کے ویزے پر سعودی عرب کے لیے پیدل سفر شروع کیا تھا۔

پاکستانی شہری عثمان ارشد جو پیدل سفر کرتے ہوئے سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ پہنچے ہیں کو حج کی ادائیگی کے لیے قانونی اجازت مل گئی ہے۔

چھ مہینے قبل سعودی عرب کی طرف پیدل سفر شروع کرنے والے اوکاڑہ کے عثمان ارشد مختلف ممالک سے ہوتے ہوئے مکہ مکرمہ پہنچے، جس کے لیے انہیں کئی صعوبتیں بھی برداشت کرنا پڑیں۔

پاکستان سے روانگی کے وقت عثمان ارشد نے عمرے کا ویزہ حاصل کیا تھا، جبکہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی حکومت سے حج کا مخصوص ویزہ حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے۔

مخصوص ویزے سے متعلق مشکل سعودی عرب پہنچنے پر ان کے سامنے آئی کیونکہ حج کی ادائیگی کی غرض سے مخصوص ویزہ انہیں نہیں مل رہا تھا، جس سے وہ بہت پریشان ہوئے۔

تاہم اب عثمان ارشد کو اس سال حج کا فریضہ ادا کرنے کے لیے مخصوص ویزہ مل گیا ہے جس کے لیے وہ پاکستانی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

انڈپینڈنٹ اردو کو بھیجے گئے ایک ویڈیو انٹرویو میں عثمان ارشد کا کہنا تھا: ’وزارت مذہبی امور اور سعودی حکومت کے تعاون سے میرا حج ویزہ جاری کر دیا گیا ہے اور اس کے لیے مجھے گیارہ لاکھ روپے فیس ادا کرنا پڑی۔‘ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا: ’مجھے خوشی ہے کہ جو خواہش لے کر میں مکہ مکرمہ پہنچا ہوں وہ پوری ہو گئی۔

’خانہ کعبہ پر پہلی نظر پڑی تو ناقابل بیان جذبات تھے۔ پہلے تو یقین ہی نہیں آ رہا تھا مگر جب طواف کیے اور وہاں روح پرور مناظر دیکھے تو روح کو سکون مل گیا۔‘

انہوں نے مزید کہا: میں اب خانہ کعبہ میں موجود ہوں والدین، دوستوں، پاکستانی اور سعودی حکومتوں کا اجازت کے لیے مشکور ہوں اب حج کر کے پاکستان واپس جاؤں گا۔‘

ارشد عثمان حج کی ادائیگی کے لیے پیدل سفر کے دوران ایران اور عراق سے ہوتے ہوئے سعودی عرب پہنچے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ملٹی میڈیا