متحدہ عرب امارات کی سرکاری نیوز ایجنسی (WAM) کے مطابق یو اے ای اور ایران کے درمیان جمعرات کو ہوائی ٹرانسپورٹ سروسز کا ایک معاہدہ طے پایا گیا ہے۔
اماراتی نیوز ایجنسی نے رپورٹ کیا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سیاحتی مواقعوں کو فروغ دے گا۔
خبر رساں ایجنسی ایجنسی روئٹرز کے مطابق جمعرات کو ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے یو اے ای کے صدر سے ملاقات کی تھی۔ ایرانی وزیر خارجہ نے جمعرات کو اپنا خلیجی عرب ممالک کا تین روزی دورہ مکمل کیا تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کا امارات کا دورہ قطر، کویت، عمان، کے دوروں کے بعد آیا۔
اے ایف پی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کے دورے کا مقصد ایران کے لیے خطے میں تنہا رہ جانے کے عنصر کو کم کرنا، معاشی حالات کو بہتر بنانا اور طاقت کا مظاہرہ کرنا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سرکاری اماراتی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ایرانی وزیر خارجہ نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کے ساتھ ’دو طرفہ تعلقات اور تعاون بڑھانے کے طریقوں‘ پر بات کی۔
تہران کی وزارت خارجہ کے مطابق انہوں نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی جانب سے ایران کے دورے کی دعوت بھی امارات کے صدر کو دی۔
گلف عرب ممالک ایران کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی جانب گامزن ہیں جو یمن اور شام میں تنازعات کی وجہ سے متاثر ہوئے۔
مارچ کے مہینے میں چین نے ایران اور سعودی عرب کے مابین بھی ایک معاہدے کا بندوبست کیا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنایا جاسکے۔
تہران کا جوہری پروگرام بھی طویل عرصے سے تنازعے کا شکار ہے، جبکہ ایران کی کوشش ہے کہ 2015 کے جوہری معاہدے پر عمل ہوسکے تاکہ اس کو عالمی پابندیوں سے ریلیف مل جائے۔
ایران کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے قبل وہ عمان کے توسط سے امریکہ کے ساتھ جوہری پروگرام کے حوالے سے بات چیت کے عمل میں مصروف تھا، جس میں پابندیوں میں نرمی اور قیدیوں کے تبادلے سے متعلق معاملات بھی ایجنڈے کا حصہ تھے۔