چین میں عید الاضحیٰ کی غائب ہوتی ہوئی رونقیں

چینی زبان میں عید الاضحیٰ کو ’گو آر بانگ چیے‘ کہا جاتا ہے۔ کسی کو عید کی مبارک باد دینی ہو تو اس لفظ کے بعد ’کھوائلا‘ لگا دیجیے۔

چینی مسلمان 13 مئی 2021 کو عید کی نماز ادا کرتے ہوئے (اے ایف پی)

چین میں آج بروز بدھ دنیا کے بہت سے ممالک کی طرح عید الاضحٰی منائی جا رہی ہے۔ چین میں اس موقعے پر عام تعطیل نہیں ہوتی۔ چین میں چھٹیاں ملک کے ثقافتی تہواروں پر دی جاتی ہیں۔

پچھلے ہفتے چین میں ڈریگن بوٹ فیسٹیول تھا۔ اس موقعے پر چینی حکومت نے عوام کو جمعرات اور جمعے کی چھٹی دی تھی۔

وہاں ہماری طرح اپنی چھٹیوں میں ویک اینڈ کو شامل نہیں کرتا بلکہ چھٹیوں سے پہلے والے ویک اینڈ یا چھٹیوں کے بعد والے ویک اینڈ میں سے ایک یا دو دنوں کو کام کے دنوں میں تبدیل کر دیتا ہے۔

جیسے اس ہفتے کا آغاز اتوار سے ہوا ہے۔ کہنے کو چینیوں کو جمعرات کو بھی چھٹی تھی اور جمعے کو بھی لیکن انہیں اتوار سے اپنے کام پر واپس آنا پڑا۔

چین میں عید اور رمضان کا آغاز پاکستان سے ایک دن قبل ہوتا ہے۔

عید کی خوشیاں گھر والوں سے ہوتی ہیں۔ جس دن گھر والے عید مناتے ہیں، یہاں رہنے والے پردیسی بھی اسی دن اپنی عید مناتے ہیں۔ ورنہ خود ہی تیار ہو کر کیا کریں۔

جنہوں نے نماز پڑھنی ہو وہ نماز کی ادائیگی کے بعد گھر واپس آ جاتے ہیں۔ دوستوں کے ساتھ کچھ پکا لیا یا باہر جا کر کھا لیا۔ اسی میں عید تمام ہو جاتی ہے۔

عید کی جو رونق وہ اپنے گھر میں دیکھتے ہوئے بڑے ہوئے ہیں، وہ رونق انہیں یہاں نظر نہیں آتی۔

چینی زبان میں عید الاضحیٰ کو ’گو آر بانگ چیے‘ کہا جاتا ہے۔ کسی کو عید کی مبارک باد دینی ہو تو اس لفظ کے بعد ’کھوائلا‘ لگا دیجیے۔ ’گو آر بانگ چیے کھوائلا۔‘ یہ ہوگئی چینی زبان میں عید الاضحیٰ کی مبارک باد۔

عید کے موقعے پر چین کی مسجدوں میں نوجوان چینی نظر نہیں آتے۔ انہیں اپنے کام پر جانا ہوتا ہے۔ وہ عید کے چکر میں اپنے کام کا نقصان نہیں کر سکتے۔ وہ عید کی خوشیاں اپنے بڑوں کے لیے چھوڑ دیتے ہیں۔

اس صورت حال کو سب کے لیے سچ تصور نہیں کیا جا سکتا۔ اگر کوئی خاندان اپنے بچوں کو مذہبی تعلیم دینا چاہے یا انہیں اپنی مذہبی ثقافت کے قریب رکھنا چاہے تو وہ ایسا کر سکتا ہے۔ چینی حکومت انہیں ایسا کرنے سے نہیں روک سکتی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اور اگر روکے تو چینیوں کے پاس بھی دسیوں طریقے ہوتے ہیں۔ جہاں انہیں اپنا مطلب نکالنا ہو وہ کچھ نہ کچھ کر کے اپنے لیے کوئی طریقہ نکال ہی لیتے ہیں۔

چین میں قربانی حکومت کی طرف سے مختص خاص مقامات پر کی جاتی ہے۔ دیہاتوں میں مسلمان اپنے گھر کے صحن میں ہی جانور ذبح کر لیتے ہیں۔

ہمارے ہاں عید پر پلاؤ، بریانی، قورمہ، کڑاہی اور بار بی کیو وغیرہ بنتا ہے۔ چینی مسلمان عید پر گوشت کے مختلف پکوان بناتے ہیں۔ ان میں ایغور مسلمانوں کا ایجاد شدہ بھیڑ کے گوشت کا پلاؤ، بھاپ میں پکا ہوا گوشت اور بار بی کیو شامل ہیں۔

اس کے علاوہ چینی عید الاضحیٰ پر سوپ نوڈلز بھی بناتے ہیں۔ سوپ نوڈلز کی خوشبو محسوس ہونے پر چینی بالکل ایسے ہی ندیدے ہوتے ہیں جیسے ہم پلاؤ یا بریانی کی خوشبو محسوس ہونے پر ندیدے ہوتے ہیں۔

ہر چینی خاندان میں سوپ نوڈلز کی ذاتی ترکیب پائی جاتی ہے۔

ایک عام سوپ نوڈلز کے پیالے میں نوڈلز گوشت کی یخنی کے ساتھ کھانے کے لیے پیش کیے جاتے ہیں۔ اس یخنی میں گوشت کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے اور مولی کے باریک قتلے موجود ہوتے ہیں۔ آخر میں پیالے میں تازہ کٹے ہوا دھنیا اور سبز پیاز کا چھڑکاؤ کیا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ خاندان والوں کی پسند پر منحصر ہے کہ وہ اس پیالے میں کیا شامل کرنا پسند کرتے ہیں۔ عید کے دن مسلمان گھرانوں میں یہ نوڈلز لازمی تیار کیے جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ بار بی کیو کا انتظام بھی ہوتا ہے۔ چینی بار بی کیو کے لیے گوشت کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرتے ہیں۔  

پھر وہ ان ٹکڑوں پر بار بی کیو مصالحہ چھڑکتے ہیں۔ یہ مصالحہ کٹے ہوئے زیرے، پسی ہوئی سرخ مرچ اور نمک ملا کر تیار کیا جاتا ہے۔ چینی بار بی کیو کے لیے گوشت کے چھوٹے ٹکڑوں کو چربی کے ٹکڑوں کے ساتھ سلاخوں پر پروتے ہیں۔ اس کے بعد ہر سلاخ پر بار بی کیو مصالحہ چھڑکتے ہیں اور پھر ان سلاخوں کو گرل پر پکاتے ہیں۔

آخر میں پھر سے ہر سلاخ پر بار بی کیو مصالحہ چھڑکتے ہیں۔ اور یوں ان کا مزے دار بار بی کیو تیار ہو جاتا ہے جو وہ اپنے پسندیدہ مشروب کے ساتھ کھاتے ہیں۔

ہم بھی اس عید پر چینیوں کی طرح بار بی کیو کھاتے ہوئے گرم پانی کی چسکیاں لے رہے ہیں۔ شام میں شاید کوئی ہمت کر کے کڑاہی بنا لے اور روٹیاں خرید لائے۔ بصورت دیگر، ہم خود ہی باہر کسی ریستوران میں جا کر سوپ نوڈلز کھاتے ہوئے چینی عید منا لیں گے۔

آپ سب کو عید کی ڈھیروں خوشیاں مبارک ہوں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی بلاگ