گذشتہ 24 گھنٹوں میں بارشوں سے 17 اموات

این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پر مون سون بارشوں سے اب تک ملک بھر میں 67 افراد جان سے جا چکے ہیں جب کہ 125 افراد زخمی اور 77 گھر تباہ ہوئے۔

پانچ جولائی 2023 کو لاہور میں شدید بارش کے بعد ایک موٹر سائیکل سوار سیلاب زدہ علاقے میں اپنی موٹر سائیکل کو دھکیل رہا ہے (اے ایف پی)

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں سے متعلق حادثات میں 17 افراد جان سے گئے جب کہ 37 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔

این ڈی ایم اے نے ٹوئٹر پر جاری اپ ڈیٹ میں بتایا کہ نے خبردار کیا ہے کہ اگلے کچھ دنوں میں ملک کے بالائی اور جنوبی علاقوں میں تیز بارشوں کی پیشن گوئی ہے جب کہ پہاڑی علاقوں میں اربن فلڈز کا خطرہ ہے۔

بیان کے مطابق صوبہ پنجاب میں نو اور خیبر پختونخوا میں آٹھ اموات رپورٹ ہوئیں جب کہ زخمی ہونے والے 37 ہونے والے تمام افراد کا تعلق پنجاب سے تھا۔

این ڈی ایم اے کا مزید کہنا تھا کہ مجموعی طور پر مون سون بارشوں سے اب تک ملک بھر میں 67 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں جب کہ 125 افراد زخمی اور 77 گھر تباہ ہوئے۔

بیان کے مطابق مختلف بین الاقوامی اور علاقائی موسمیاتی ماڈلز کے ذریعے بارشوں کی پیشرفت کے حوالے سے مانیٹرنگ جاری ہے.

این ڈی ایم اے کے مطابق ملک کے بلائی علاقے اور شمالی پنجاب بشمول لاہور، سیالکوٹ اور ناروال میں تیز بارش اور بجلی کے طوفان کی پیشن گوئی ہے جب کہ پہاڑی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ بلوچستان، سندھ اور خیر پختونخوا میں بھی گرج چمک کے ساتھ تیز بارشیں متوقع ہیں۔

اس سے قبل چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے فلڈ مینجمنٹ کانفرنس کی صدارت کی جس میں مشرقی دریاؤں اور نالوں میں اونچے سے انتہائی اونچے بہاؤ کے ممکنہ خطرے سے نمٹنے اور ممکنہ سیلاب کے اثرات کو کم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

این ڈی ایم اے کی جانب  سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں پی ڈی ایم اے پنجاب، پی ایم ڈی، ایف ایف سی، پی سی آئی ڈبلیو، پی آئی ڈی، ارسا، واپڈا، انجینئرز ڈائریکٹوریٹ، پاکستان آرمی اور ریسکیو 1122 کے حکام سمیت اہم سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں چیئرمین این ڈی ایم اے نے سیلاب کی کسی بھی صورت حال کا اندازہ لگانے اور ان سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے اور فعال اقدامات کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

پی ایم ڈی نے مشرقی دریاؤں کی ریئل ٹائم ڈیٹا مانیٹرنگ کے بارے میں ایک جامع بریفنگ فراہم کی جس میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ آٹھ سے 10 جولائی کے درمیان دریائے ستلج، راوی، چناب اور جزوی طور پر جہلم کے بالائی علاقوں کو خطرہ ہوگا۔

بیان میں کہا گیا کہ عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ باخبر رہیں اور مون سون اور بارش کی ہنگامی صورت حال کے دوران مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں۔

دوسری جانب پاکستان اور سوئٹزر لینڈ کے درمیان قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔

سرکاری خبر رساں اجنسی اے پی پی کے مطابق ہفتے کو مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب میں پاکستان سے این ڈی ایم اے کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور سوئٹزرلینڈ کے وزیرخارجہ اگنازئیو کاسیس نے دستخط کیے۔

تقریب میں وزیراعظم  شہباز شریف نے شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمن بھی تقریب میں موجود تھیں۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان