ایشیا کپ کے لیے پاکستانی سکواڈ کا اعلان، فہیم اشرف کی واپسی

بابر اعظم ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ سوکواڈ میں دو وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور محمد حارث کو شامل کیا گیا ہے۔

بابراعظم کی قیادت میں افغانستان کے خلاف سیریز اور ایشیا کپ کے لیے سکواڈ کا اعلان نو اگست کو کیا گیا (فائل فوٹو اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان کے خلاف رواں ماہ کھیلی جانے والی ایک روزہ میچوں کی سیریز اور ایشیا کپ کے لیے سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بدھ کو ایشیا کپ کے لیے 17 رکنی جبکہ افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے 18 رکنی پاکستانی کرکٹ سکواڈ  کا اعلان کیا۔ بابر اعظم ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ سوکواڈ میں دو وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور محمد حارث کو شامل کیا گیا ہے۔

رواں سال نیوزی لینڈ کے خلاف میدان میں اترنے والے سکواڈ میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ طیب طاہر اور فہیم اشرف کو شان مسعود اور احسان اللہ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ حال ہی میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے سعود شکیل کو صرف افغانستان کے خلاف سیریز کے لیے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

فہیم اشرف نے دو سال بعد قومی ٹیم میں واپسی کی ہے۔ انہوں نے آخری بار جولائی 2021 میں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلی تھی۔

اسی طرح طیب طاہر کو دوسری مرتبہ ون ڈے سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل انہیں رواں سال جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق شان مسعود خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھانے کی وجہ سے اپنی جگہ برقرار نہیں رکھ پائے ہیں  جبکہ احسان اللہ پی سی بی کے میڈیکل پینل کی نگرانی میں اپنی کہنی کے ری ہیب پروگرام میں مصروف ہیں۔

ایشیا کپ 2023 کا آغاز 30 اگست کو ملتان میں پاکستان اور نیپال کے درمیان میچ سے ہوگا جبکہ اس سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم 22 اگست سے افغانستان کے خلاف تین ایک روزہ میچوں کی سیریز سری لنکا میں کھیلے گی۔

پاکستانی سکواڈ: بابراعظم ( کپتان )، عبداللہ شفیق، فخر زمان، امام الحق، سلمان علی آغا، افتخار احمد، طیب طاہر، محمد رضوان، محمد حارث، شاداب خان (نائب کپتان)، محمد نواز، اسامہ میر، فہیم اشرف، حارث رؤف، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، شاہین شاہ فریدی، سعود شکیل (صرف افغانستان سیریز)۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ