پاکستان نے فیصل آباد میں جنوبی افریقہ کو تیسرے ون ڈے میچ میں شکست دے کر شاہین آفریدی کی کپتانی میں پہلی سیریز جیت لی ہے۔
فیصل آباد میں کھیلی گئی تین میچوں کی سیریز میں پاکستان نے 1-2 سے جیت حاصل کی ہے۔ مہمان ٹیم صرف دوسرا ون ڈے میچ جیتنے میں کامیاب ہو سکی تھی۔
جنوبی افریقہ نے ہفتے کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 144 رنز کا ہدف دیا جو پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 26ویں اوور میں حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے پہلے تو ابرار احمد نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چار وکٹیں لیں اور مہمان ٹیم کو بڑا سکور کرنے سے روک دیا۔ بعد میں صائم ایوب نے ایک بار پھر شاندار بیٹنگ کی اور نصف سینچری سکور کر کے ٹیم کی جت کو آسان بنا دیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
صائم ایوب نے 70 گیندوں پر 77 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل رہا۔ ان کے علاوہ بابر اعظم نے 27 اور محمد رضوان 32 رنز بنا سکے۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے عمدہ شروعات کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 72 رنز جوڑے جب پریٹوریئس 39 رنز بنا کر سلمان آغا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
دوسرے ون ڈے میں سینچری سکور کرنے والے کوئنٹن ڈی کاک نے تیسرے میچ میں بھی نصف سنچری سکور کی اور 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ان دو بلے بازوں کے علاوہ کوئی دوسرا بیٹسمین کریز پر جم کر نہ کھیل سکا جس کے بڑی وجہ ابرار احمد رہے جنہوں نے صرف 27 رنز دے کر چار وکٹیں لیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
ان کے علاوہ محمد نواز، سلمان آغا اور کپتان شاہین آفریدی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سیریز میں کل 239 رنز بنانے پر کوئنٹن ڈی کاک کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔
اس طرح جنوبی افریقہ کا دورہ پاکستان بھی یہیں اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ دورے کے دوران پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز جیتی جبکہ ٹیسٹ سیریز ایک، ایک سے برابر رہی۔