سافٹ ویئر اپ ڈیٹ؟ پی سی بی کی نئی ویڈیو میں عمران خان شامل

نئی ویڈیو کے ساتھ ایک وضاحت بھی پیش کی گئی ہے جس میں چند اہم کلپس کے غائب ہونے کا تذکرہ ہے اور کہا گیا ہے کہ مکمل ورژن میں اسے درست کر دیا گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان 25 مارچ 1992 کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں 1992 کے ورلڈ کپ کی ٹرافی تھامے ہوئے۔ پاکستان نے انگلینڈ کو 50ویں اوور میں 22 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ مقابلے کا فائنل جیتا تھا (اے ایف پی)

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستانی کرکٹ کی تاریخ پر مبنی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ’عمران خان کو مائنس‘ کرنے پر سخت ردعمل کے بعد اسے ڈیلیٹ کر کے نئی ویڈیو اپ لوڈ کر دی ہے۔

14 اگست کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایکس (ٹوئٹر) پر ایک ویڈیو جاری کی تھی، جس میں پاکستانی کرکٹ کے تاریخی لمحات شامل کیے گئے تھے۔ دو منٹ 21 سیکنڈ کی اس ویڈیو کا آغاز قائد اعظم محمد علی جناح کے ایک قول سے کیا گیا جس کے بعد پاکستان کرکٹ کی تاریخ کو تصاویر اور ویڈیو کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا گیا۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس ویڈیو میں 1952 سے لے کر 2023 میں انڈیا کو ایشیا کپ میں شکست دینے کے لمحات موجود تھے۔ 1992 میں ورلڈ کپ جیتنے کا جشن بھی ان یادوں میں شامل تھا، لیکن ورلڈ کپ جیت کے لانے والے کپتان عمران خان کی صرف ایک جھلک دکھائی گئی تھی۔

جس کے بعد سے سوشل میڈیا صارفین نے پی سی بی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ’شیم آن پی سی بی‘ کا ٹرینڈ شروع کیا، جو تین دن تک جاری رہا، جس کے نتیجے میں پی سی بی کو نئی ویڈیو پوسٹ کرنی پڑی۔

نئی ویڈیو کے ساتھ ایک وضاحت بھی پیش کی گئی ہے، جس میں لکھا گیا ہے کہ ’پی سی بی نے 2023 ورلڈ کپ کے لیے ایک پروموشنل مہم شروع کی ہے۔ ایک ویڈیو 14 اگست 2023 کو اپ لوڈ کی گئی تھی، لیکن اس کی طوالت کی وجہ سے ویڈیو کو مختصر کر دیا گیا اور کچھ اہم کلپس غائب تھے۔ اب اس ویڈیو کے مکمل ورژن میں اسے درست کیا گیا ہے۔‘

لیکن یہ وضاحت بھی صارفین کو پسند نہیں آئی اور انہوں نے اسے ایک ’بہانہ‘ قرار دیا۔

جاوید اقبال نامی صارف نے پی سی بی کی وضاحت پر کہا کہ ’بلیو ٹک ہولڈر آئی فون آپریٹنگ سسٹم پر 1080 ریزولوشن میں دو گھنٹے طویل ویڈیوز اور اینڈرائیڈ پر 10 منٹ کی ویڈیوز اپ لوڈ کر سکتے ہیں۔‘

عثمان نامی صارف نے ایک ویڈیو شیئر کی اور ساتھ میں لکھا: ’پی سی بی کا کہنا کہ انہیں ویڈیو کی طوالت کا مسئلہ تھا جبکہ ان کے پاس بلیو ٹک موجود ہے۔‘

پی سی بی کی جانب سے نئی ویڈیو لگانے کے بعد ’سافٹ ویئر اپ ڈیٹیڈ‘ کا ٹرینڈ سر فہرست ہے کیونکہ نئی ویڈیو میں عمران خان کے کئی کلپس کو شامل کیا گیا ہے۔

ایک صارف محسن اقبال نے لکھا: ’عوام نے آخر کار سافٹ ویئر اپ ڈیٹ کر دیا۔ پتہ چلا کہ کرکٹ کی تاریخ عمران خان کے بغیر ادھوری ہے۔‘

نوشین اعوان نے اپنے مزاحیہ انداز میں تبصرہ کرتے ہوئے پی سی بی کو مشورہ دیا کہ ’دوبارہ بغیر دولہا کے بارات مت لے کے جانا۔‘

جبکہ ایم ایف خان نے لکھا کہ ’عام آدمی کی طاقت کو کبھی کم نہ سمجھیں۔‘

پی سی بی کی پچھلی ویڈیو پر پی سی بی کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں میں پاکستانی فاسٹ بولنگ لیجنڈ وسیم اکرم بھی شامل تھے، جنہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ’سری لنکا پہنچنے سے پہلے طویل پروازوں اور گھنٹوں کے ٹرانزٹ کے بعد، مجھے اپنی زندگی کا جھٹکا اس وقت لگا جب میں نے پاکستان کرکٹ کی تاریخ پر پی سی بی کا شارٹ کلپ مائنس دی گریٹ عمران خان دیکھا۔‘

انہوں نے پی سی بی سے اس پر معافی مانگنے اور ویڈیو ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ ’سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن عمران خان عالمی کرکٹ کے لیجنڈ ہیں۔ انہوں نے اپنے دور میں پاکستان کو ایک مضبوط یونٹ کے طور پر تیار کیا اور ہمیں ایک راستہ دیا۔‘

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ