آسٹریلیا: جنگی مشقوں کے دوران امریکہ کا فوجی طیارہ تباہ، تین اموات

حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اوسپرے ورٹیکل ٹیک آف طیارے میں امریکی ’دفاعی اہلکار‘ سوار تھے جبکہ مقامی میڈیا کے مطابق اس وقت طیارے میں 20 افراد سوار تھے۔

22 اگست 2022، یورپی ملک لتھوانیا کے بحری اڈے پر تعینات امریکی نیوی کےطیارہ بردار جہاز یو ایس ایس کیار سارج پر موجود اوسپرے طیارہ(اے ایف پی/پیٹراس مالوکاس)

آسٹریلیا کے محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری مشترکہ جنگی مشقوں میں شریک ایک امریکی طیارہ اتوار کو ایک دور افتادہ جزیرے پر گر کر تباہ ہو گیا جبکہ امریکی فوج نے اس حادثے میں تین امریکی میرینز کی اموات کی تصدیق کی ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے اس حادثے کو ’افسوسناک‘ قرار دیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اوسپرے ورٹیکل ٹیک آف طیارے میں امریکی ’دفاعی اہلکار‘ سوار تھے جبکہ مقامی میڈیا کے مطابق اس وقت طیارے میں 20 افراد سوار تھے۔

کیئر فلائٹ ریسکیو سروس نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے کے تین مسافروں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ دیگر دو کی حالت بہتر ہے۔

ادھر امریکی محکمہ دفاع کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اس نازک ابتدائی مرحلے میں ہماری توجہ طیارہ حادثے سے نمٹنے اور اس میں سوار افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے۔‘

آسٹریلیا کے شمالی خطوں کی ایمرجنسی سروسز کے جاری کردہ ایک نقشے کے مطابق مشرقی بحیرہ تیمور میں آسٹریلیا کی سرزمین سے تقریباً 60 کلومیٹر (37 میل) شمال میں واقع میلویل جزیرے پر ایک ’طیارہ حادثہ‘ پیش آیا ہے۔

یہ اوسپرے طیارہ پریڈیٹرز رن مشقوں میں حصہ لے رہا تھا، جو امریکہ، آسٹریلیا اور انڈونیشیا اور فلپائن جیسی دیگر افواج کے ہزاروں فوجیوں کی جنگی مشقوں کا ایک مشترکہ سلسلہ ہے۔

شمالی آسٹریلیا حالیہ برسوں میں امریکی فوج کے لیے ایک اہم میدان بن گیا ہے کیونکہ دونوں اتحادی مشرقی ایشیا اور بحرالکاہل کے خطے میں چین کا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

امریکی فضائیہ کے مطابق اوسپرے ایسے طیارے ہیں جو ہیلی کاپٹروں اور ٹربو طیاروں دونوں کی خصوصیات کو یکجا کرتے ہیں۔

اس ہائبرڈ طیارے میں دو انجن نصب ہیں جو اسے عمودی طور پر اترنے اور اڑان بھرنے میں مدد دیتے ہیں لیکن یہ طیارے روایتی ہیلی کاپٹر کے مقابلے میں بہت تیزی سے سفر کر سکتے ہیں۔

تاہم ان خصوصیات کے باوجود کئی حادثات کی وجہ سے اوسپرے طیاروں کے حفاظتی انتظامات پر بار بار سوالات اٹھتے رہے ہیں۔

اپریل 2000 میں امریکی ریاست ایریزونا میں ایک تربیتی مشق کے دوران ایک اوسپرے طیارہ گر کر تباہ ہو گیا تھا جس میں 19 میرین کی جانیں گئی تھیں۔

اس کے علاوہ سنہ 2017 میں آسٹریلیا کے شمالی ساحل ہی پر سمندر میں اترنے کی کوشش کے دوران ایک اوسپرے طیارہ سامان بردار جہاز سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں تین میرین جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔

رواں سال جولائی میں آسٹریلوی ریاست کوئنز لینڈ کے قریب کثیر القومی جنگی مشقوں کے ایک اور سلسلے کے دوران تائیپن ہیلی کاپٹر کے سمندر میں گرنے سے چار آسٹریلوی چل بسے تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی دنیا