’اشتعال انگیز‘ تقریر کے بعد گلگت بلتستان میں فوج طلب کرنے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی مسلک کے عقائد اور مقدس شخصیات کی عوامی جلسوں میں توہین پر قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان یکم ستمبر 2023 کو ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں (گلگت بلتستان حکومت) 

گلگت بلتستان کی حکومت نے جمعے کو ایک مذہبی رہنما کی ’اشتعال انگیز‘ تقریر کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کے باعث حکومتی رٹ قائم رکھنے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوج طلب کرنے اور خطے کے بڑے شہروں میں رینجرز، جی بی سکاؤٹس اور ایف سی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ فیصلہ جمعے کو وزیراعلیٰٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی زیر صدارت خطے کی موجودہ مجموعی صورت حال کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس کے بعد حکومت گلگت بلتستان کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا کہ ’نماز جمعہ کے بعد ایک مذہبی رہنما کی جانب سے ایک ریلی میں کی گئی اشتعال انگیز تقریر کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔‘

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کی زیر صدارت اجلاس میں صوبائی وزرا شمس لون، سہیل عباس اور رحمت خالق کے علاوہ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان، سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان، انسپیکٹر جنرل پولیس اور حساس اداروں کے ذمہ داران شریک تھے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کسی بھی مسلک کے عقائد اور مقدس شخصیات کی عوامی جلسوں میں توہین پر قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ حکومت امن و امان کو برقرار رکھنے اور کاروباری و سیاحتی سرگرمیوں کو ہر حال میں جاری رکھنے کے لیے تمام تر اقدامات کرے گی۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

محکمہ داخلہ گلگت بلتستان نے غیر قانونی اجتماعات اور سڑکیں بند کرنے  پر فوری طور پر دفعہ 144 کا اطلاق کر دیا ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹنے کا اعلان کیا ہے۔

گلگت بلتستان کی حکومت نے اپنے بیان میں عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کا ساتھ دیں۔

بیان کے مطابق: ’صوبائی حکومت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ خطے میں امن و بھائی چارے کی فضا کو زک پہنچانے والی کسی بھی طرح کی شر پسندی کو عوام مسترد کرے گی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ریاستی رٹ برقرار رکھنے اور امن کے درپے عناصر کو منہ  توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔‘

سیکریٹری داخلہ و جیل خانے جات رانا محمد سلیم افضل نے تمام اقسام کا اسلحہ لے کر چلنے، اس کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔

دوسری جانب گلگت بلتستان اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ کی سروس فراہم کرنے والے ادارے ایس کام کے مطابق: ’گلگت بلتستان میں امن عامہ کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر صوبائی حکومت کی سفارشات پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے احکامات کی روشنی میں تا حکم ثانی گلگت بلتستان میں موبائل ڈیٹا (انٹرنیٹ) سروسز بند کر کے ٹو جی پر شفٹ کر دی گئی ہے۔‘

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان