امدادی کارکنوں کی ایک بین الاقوامی ٹیم نے منگل کو کہا کہ انہوں نے ایک امریکی مہم جو کو محفوظ مقام پر پہنچا دیا ہے جنہوں نے اندرونی طور پر خون بہنے کی حالت میں ترکی کے ایک گہرے غار میں نو دن تک پھنسے ہوئے گزارے ہیں۔
ترک کیونگ فیڈریشن نے فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ ’مارک ڈکی کو غار کے اخراج کے آخری راستے سے نکالا گیا تھا جس کے ساتھ ہی ’غار سے بچانے کا آپریشن کامیابی سے ختم ہو گیا ہے۔‘
تجربہ کار مہم جو مارک ڈکی کو یورپ بھرکی ٹیموں نے تین روزہ کامیاب ریسکیو آپریشن کے بعد ترکی میں دنیا کی سب سے گہرے غاروں میں سے ایک غار سے باہر نکالا ہے۔
امریکی ٹی وی سی این این کی رپورٹ کے مطابق ہسپتال منتقل کیے جانے سے قبل جیسے ہی انہیں طبی معائنے کے لیے طبی خیمے میں لے جایا گیا تو ڈکی نے کہا ’دوبارہ زمین کے اوپر آنا حیرت انگیز ہے۔‘
انہوں نے ریسکیو ٹیموں اور ترک حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ’کوئی بھی سوال پوچھے بغیر میری جان بچائی۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں ایک غیر متوقع طبی مسئلے کے ساتھ پہلے سے کہیں زیادہ وقت تک زیر زمین رہا۔‘
190 سے زائد امدادی کارکنوں نے 40 سالہ ڈکی کو غاروں کے پیچیدہ نظام ’مورکا‘ سے بحفاظت نکالنے کے لیے مل کر کام کیا۔
ڈکی جو خود ایک مشہور سپیلولوجسٹ اور کیو ریسکیور ہیں، ہفتہ دو ستمبر کو ایک مہم کے دوران اچانک معدے سے خون بہنے کی وجہ سے پھنس گئے تھے۔
ان کی حالت جلد ہی خراب ہو گئی، جس کے باعث وہ حرکت کرنے سے قاصر ہوگئے اور ان کی حالت مزید بگڑنے سے روکنے کے لیے ایک ڈاکٹر کو خون کی شیشیاں دینے کے لیے غار میں جانا پڑا۔
امریکی شہری کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مارک ڈکی کو ہوائی جہاز کے ذریعے پہاڑوں سے نکال کر ترکی کے شہر مرسین کے ایک ہسپتال لے جایا گیا ہے۔
ترکی کی ڈیزاسٹر اینڈ ایمرجنسی مینیجمنٹ اتھارٹی (اے ایف اے ڈی) کے صدر رجب سالسی کے مطابق: ’پہلی نظر میں وہ بالکل ٹھیک دکھائی دے رہے ہیں۔‘
ہیلی کاپٹر نے مقامی وقت کے مطابق رات ایک بج کر 50 منٹ پر ڈکی کو ہسپتال لے جانے کے لیے اڑان بھری۔
مارک ڈکی کون ہیں؟
غاروں کے ماہر مہم جو مارک ڈکی کئی دنوں سے ترکی کے پہاڑی علاقے سلسلہ کوہ طوروس کی ایک غار میں زمین سے 3400 فٹ نیچے پھنسے ہوئے تھے۔
انہوں نے دنیا کے سب سے گہرے غاروں میں سے ایک یعنی جنوبی ترکی میں مورکا غار کے نظام کا نقشہ بنانے کے لیے مہم کا آغاز کیا تھا۔
لیکن ڈکی کے معدے سے خون بہنے کے باعث بیمار پڑنے کے بعد یہ مہم اچانک روک دی گئی۔ مارک ڈکی شدید بیمار پڑنے کے بعد ترکی کے مورکا غار سے باہر نہیں نکل سکتے تھے۔