انڈیا نے سری لنکا کو شکست دے کر اپنا آٹھواں ایشیا کپ جیت لیا

انڈیا کی تباہ کن بولنگ کے مقابلے میں سری لنکن ٹیم صرف 50 رنز بنا سکی اور انڈیا نے مطلوبہ ہدف بغیر کسی نقصان کے ساتویں اوور میں پورا کر لیا۔

17 ستمبر، 2023 کولمبو میں کھیلے جانے والے ایشیا کپ کے فائنل کے دوران انڈین کھلاڑی سری لنکن ٹیم کی وکٹ گرانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے(اے ایف پی/ایشارہ کوڈی کارا)

ایشیا کپ 2023 کے اتوار کو کولمبو میں کھیلے جانے فائنل میں انڈیا نے سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر اپنا آٹھواں ایشیا کپ جیت لیا۔

انڈیا اب تک آٹھ ٹرافیز کے ساتھ سب سے زیادہ بار ایشیا کپ جیت چکا ہے جب کہ سری لنکا نے یہ اعزاز چھ بار اپنے نام کیا ہے۔

ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ سری لنکا کو مہنگا پڑا اور انڈیا کی تباہ کن بولنگ کے مقابلے میں پوری لنکن ٹیم صرف 50 رنز بنا سکی۔

محمد سراج اور جسپریت بمرا نے سری لنکن بیٹنگ لائن کو سوکھے پتوں کی طرح بکھیرتے ہوئے چار اوورز کے اندر ہی صرف 12 رنز پر سری لنکا کی چھ وکٹیں گرا دیں۔

محمد سراج نے ایک ہی اوور میں سری لنکا کی چار وکٹیں گرائیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر 21 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی چنا گیا۔

رہی سہی کسر ہردک پانڈیا نے پوری کر دی جنہوں نے صرف تین رنز دے کر تین لنکن بلے بازوں کو پویلین واپس بھیجا۔ جسپریت بمرا 23 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

سری لنکا کی جانب سے کسال مینڈس 17 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔ سری لنکن ٹیم مجموعی طور پر صرف 15.2 اوورز ہی کھیل سکی۔

انڈیا کی جانب سے 51 رنز کا ہدف شروع ہوا تو شھبمن گل اور ایشان کشن نے دلکش سٹروکس کھیلتے ہوئے مطلوبہ ہدف صرف سات اوورز کے اندر ہی پورا کر لیا۔

سری لنکن بولرز انڈیا کی کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے جبکہ شھبمن گل نے 27 اور ایشان کشن نے 23 رنز بنائے۔ 

میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق دن دو بجکر 30 منٹ پر ہونا تھا لیکن بارش کے باعث میچ ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا۔

ٹاس کے موقعے پر سری لنکن کپتان داشن شناکا کا کہنا تھا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی ہے لیکن شام کے وقت سپن کو مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے تصدیق کی ہے سری لنکن سپنر تھیکشانا اس میچ میں سری لنکا کی نمائندگی نہیں کریں گے جبکہ ان کی جگہ داشن ہیمانتھا کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

جبکہ اس موقعے پر انڈین کپتان روہت شرما کا کہنا تھا کہ وہ بھی ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کرتے لیکن انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے بولرز کے ساتھ آغاز سے ہی سری لنکا پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کریں گے۔

انڈین کپتان کا مزید کہنا تھا کہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف شھبمن گل کی کارکردگی سے بہت خوش ہیں۔

 انڈین کپتان کے مطابق اس میچ کے لیے انڈین ٹیم میں اکشر پٹیل کی جگہ واشنگٹن سندر کو شامل کیا گیا۔

اس میچ کے لیے اعلان کردہ انڈین ٹیم میں کپتان روہت شرما، شھبمن گل، وراٹ کوہلی، کے ایل راہل، ایشان کشن، ہردک پانڈیا، رویندر جدیجا، واشنگٹن سندر، کلدیپ یادو، محمد سراج اور جسپریت بمرا شامل تھے۔

جبکہ سری لنکن ٹیم میں کسال پریرا، پتھوم نسانکا، کسال مینڈس، سدیرا سمراوکرما، چاریتھ اسالنکا، دھننجایا ڈی سلوا، داشن شناکا، دونیتھ ولالاگے، داشن ہیمانتھا، متھیشا پتھیرانا اور پرامود مدوھوشن شامل تھے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ