سعودی عرب میں کرکٹ کیسے فروغ پا رہی ہے؟

حکومتی سطح پر سعودی عرب میں کرکٹ پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور سعودی کرکٹ فیڈریشن کو فعال کیا جارہا ہے۔

سعودی کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں ختم ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کوالیفائرز میں اچھی کارکردگی دکھائی اور خود کو مستقبل کی مضبوط ٹیم ثابت کیا (سعودی عریبین کرکٹ فیڈریشن/ فیس بک)

عرب ممالک میں روایتی طور پر کرکٹ کے مقابلے میں فٹ بال زیادہ مقبول کھیل رہا ہے۔ سعودی عرب میں بھی ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل سطح پر کسی کھیل کو فروغ ملا اور عوامی توجہ حاصل ہوئی تو وہ فٹ بال ہی تھا۔

تاہم گذشتہ چند سالوں سے یہ روایت تبدیل ہو رہی ہے، جہاں وہ فٹ بال کے ساتھ دیگر کھیلوں میں بھی بھرپور سرمایہ کاری کر رہا ہے اور مستقبل میں کھیل کے شعبہ میں عالمی سطح پر اپنا ایک مقام بنانا چاہتا ہے۔

اس حوالے سے حکومتی سطح پر سعودی عرب میں کرکٹ پر بھی خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور سعودی کرکٹ فیڈریشن کو فعال کیا جارہا ہے۔

اس ضمن میں حکومتی کوششوں کے ساتھ برصغیر سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کا بھی کردار ہے جو عرصہ دراز سے سعودی عرب میں مختلف کرکٹ ٹورنامنٹس کا انعقاد کر رہے ہیں اور کھلاڑیوں کو اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کا موقع دے رہے ہیں۔

آل سعودی عرب کرکٹ لیگ

سعودی عرب کے شہر جدہ میں اس وقت کرکٹ ٹورنامنٹ جاری ہے جہاں انڈپینڈنٹ اردو نے ٹورنامنٹ میں شامل کھلاڑیوں اور ٹیم مالکان سے بات کی ہے۔

آل سعودی عرب کرکٹ لیگ میں 12 ٹیمیں ہیں جن میں سعودی عرب کے شہریوں سمیت پاکستان، انڈیا، بنگلادیش اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ میں شامل کھلاڑیوں نے مزید بتایا کہ بڑے شہروں کی ایک سے زیادہ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور سعودی عرب میں سال بھر اس قسم کے ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جاتا رہتا ہے جن کو سعودی عرب کے بڑے تجارتی ادارے سپانسر کرتے ہیں۔

سعودی کرکٹ کا مستقبل

سعودی عرب حکومتی سطح پر کرکٹ پر خصوصی توجہ دے رہا ہے جس کی ایک واضح مثال حالیہ آئی سی سی ورلڈ کپ میں نظر آئی جہاں سعودی عرب کی معروف پیٹرو کیمیکل کمپنی ارامکو سپانسرز میں شامل ہے۔

اس حوالے سے سعودی کرکٹ فیڈریشن کو فعال کرنے پر کام ہو رہا ہے اور اس ضمن میں دیگر ممالک سے بھی مدد لی جارہی ہے۔

سعودی عرب میں تعینات پاکستانی سفیر احمد فاروق نے جدہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی تھی کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سعودی کرکٹ فیڈریشن کے درمیان سعودی عرب میں کرکٹ کو فروغ دینے کے متعلق تعاون پر بات چیت جاری ہے۔

پاکستانی سفیر نے 24 اگست کو سعودی کرکٹ فیڈریشن کے سربراہ شہزادہ سعود بن مشعل سے ملاقات بھی کی تھی۔

سعودی کرکٹ فیڈریشن کے سربراہ سعود بن مشعل کہتے ہیں کہ سعودی کرکٹ فیڈریشن سعودی کرکٹ کے فروغ کے لیے کئی جہتوں پر کام کر رہی ہے جس میں کرکٹ انفراسٹرکچر کو بہتر کرنا اور سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں کو مناسب مواقع فراہم کرنا بھی شامل ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

علاوہ ازیں سعودی عرب میں آئی پی ایل طرز پر کرکٹ لیگ منعقد کرانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی جا رہی ہے جو کہ کامیاب ہونے کی صورت میں کرکٹ کی مہنگی ترین لیگ ہوگی۔

اس ضمن میں گذشتہ دنوں برطانوی جریدہ بلومبرگ کی ایک خبر کے مطابق سعودی عرب انڈین پریمیر لیگ میں پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

خبر کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے مشیران نے اس حوالے سے انڈین حکام سے بات چیت کا آغاز کر دیا ہے۔

دوسری جانب سعودی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں بھی بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق سعودی کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں ختم ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کوالیفائرز میں اچھی کارکردگی دکھائی اور خود کو مستقبل کی مضبوط ٹیم ثابت کیا۔

ٹورنامنٹ میں سعودی کرکٹ ٹیم نے اپنی مضبوط بیٹنگ کے بدولت مستقل پانچ مقابلوں میں فتح حاصل کی، تاہم گروپ سٹیج کے آخری مقابلے میں کویت سے شکست فیصلہ کن ثابت ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق شکست کے باوجود ٹیم نے اپنے کھیل کے ذریعے ثابت کیا کہ مستقبل میں سعودی عرب کرکٹ کے عالمی مقابلوں میں شمولیت کی اہلیت رکھتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ